کوئٹہ: مرکزی ناظم علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ کی پریس کانفرنس، لواحقین شہدا ہزارہ برادری سے اظہار ہمدردی

مجلس وحدت المسلمین کی دعوت پر "پیام شہداء اور اتحاد ملت کانفرنس" میں شرکت کیلئے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ اور ناظم علماء کونسل پنجاب میر آصف اکبر یکم فروری 2014 کو کوئٹہ تشریف لائے تو ایئرپورٹ پر موجود تحریک منہاج القرآن ضلع کوئٹہ کے عہدیداران اور کارکنان نے اپنے قائدین کا بھرپور استقبال کیا۔ مرکزی وفد نے پریس کانفرنس کی جس میں مجلس وحدت المسلمین (سیاسی ونگ) کے سید ناصر عباس شیرازی، سیدمحمد رضاء (ایم۔ پی۔ اے) اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضاء شریک تھے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کا موقف علامہ سید فرحت حسین شاہ نے میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں ہزارہ برادری کے شہداء کے لواحقین سے اظہار افسوس اور ہمدردی کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام معلومات رکھتے ہوئے بھی کسی ایک دہشت گرد کو نہیں پکڑ سکی اور جو پکڑے گئے ہیں انہیں کوئی سزا نہیں دی گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کو ختم کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔

علامہ فرحت نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل ایک مبسوط تاریخی فتویٰ لکھ کر خوارج اور دہشت گردوں کو بے نقاب کیا ہے۔ اور ان کی انتہاء پسندانہ، دہشت گردانہ اور ظالمانہ کارروائیوں اور مزموم ارادوں کو قرآن اور سنت کی روشنی میں پوری دنیا کے سامنے پیش کر کے اسلام کو ایک پوری انسانیت کے لیے پرامن دین قرار دیا۔ جو برداشت، صبر، محبت بھائی چارہ کا سبق دیتے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فضاء کو قائم رکھنے کے لیے پاکستان کے تمام علماء اور ذاکرین کو ایک دوسرے کے خلاف فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز تمام لیٹریچر اور تقاریر کو ختم کرنا ہوگا۔ اور آپس میں محبت اور بھائی چارہ کو فروغ دینا ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشتیاق حسین (صوبائی صدر PAT)، محمد اقبال (ضلعی صدر PAT)، اورنگ زیب (ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن) اور صفدر اقبال (ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن کوئٹہ) بھی موجود تھے۔

رپورٹ: صفدر اقبال

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top