دہشت گردی کی لعنت کا بنیادی سبب حقیقی اسلامی تعلیمات سے بے خبری ہے۔ فیض الرحمان درانی

نا اہل حکمرانوں نے روش نہ بدلی تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائیگی
مادیت کے غلبہ نے ہمارے عظیم مذہب کی اقدار چھین لی ہیں، قوم اجتماعی توبہ کرے

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ بطور قوم ہمارے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں، اسی لیے دہشت گردی، بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمیابی، بجلی گیس کی قلت اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی ہے۔ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں خون کی ہولی اس بات کی نشاندہی ہے کہ ہمارے دل پتھروں سے زیادہ سخت ہو چکے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا بنیادی سبب بھی حقیقی اسلامی تعلیمات سے بے خبری ہے۔ اسلام انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والا مذہب ہے۔ ملک کے امن سے کھیلنے والے پوری قوم کے مجرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسلوں کا مقدر بدلے اور آنے والے ہم سے بہتر پاکستان میں زندگی گزاریں تو اس موجودہ فرسودہ سیاسی نظام کو بدلنا ہو گا۔ نا اہل حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائیگی۔ امت مسلمہ کی آئیندہ نسلیں ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ مسلمان تو دوسروں کی جان و مال کا محافظ ہوتا ہے مگر ہمارے اعمال دین مبین کی تعلیمات کے الٹ ہو چکے ہیں، اسی لیے اللہ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں رہی۔ بطور قوم ہم نے اپنے اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کی غفور و رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے۔ اس لیے ساری قوم اجتماعی توبہ کرے۔ مادیت کے غلبہ نے ہمارے عظیم مذہب کی اقدار چھین لی ہیں اگر ہم چاہتے ہیں ہماری زندگیوں میں امن و سکون لوٹ آئے تو ہمیں روحانیت کی طرف لوٹنا ہو گا۔ معاشرے میں مواخات کے عظیم رویوں کو فروغ دینے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top