فیصل آباد: تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ انوار المصطفی ہمدمی

مورخہ: 05 مارچ 2014ء

فیصل آباد( ) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام رحمت آباد میں میلاد کانفرنس سے علامہ انوار المصطفی ہمدمی اور میاں کاشف محمودنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دین امن وسلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔

کانفرنس میں ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری، علامہ پروفیسر رضاء المصطفی، علامہ عابد قمر نورانی، صاحبزادہ ظہور الحسن، مرزا غلام محی الدین، رانا طارق عزیز، مرزا محمد ادریس، حافظ ذوالفقار علی، ماسٹر محمد سلیم، جاوید یوسفی، حافظ عبدالقیوم، ظفر کیفی، صابر سردار، محمد اویس کموکا اور محمد وقاص بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اور محبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقہ سے نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے۔ آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد اپنے اپنے ملک میں امن وسلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top