سپین: منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی 16 ویں کلاس کامیابی سے جاری

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی 16 ویں سہ ماہی کلاس کامیابی سے جاری ہے، گذشتہ سال 20 دسمبر کو شروع ہونے والی کلاس میں داخلہ کے لیے حسب معمول امیدوار طلباء کو داخلہ سے قبل کلاس کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا گیا اور ان پر عمل درآمد کرسکنے والے 25 طلباء کو داخلہ دیا گیا۔ سپانش زبان کی 17 ویں کلاس کا آغاز یکم اپریل 2014ء کو ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 16 ویں کلاس کا آغاز 20 دسمبر 2013 کو ہوا، مقرر وقت (رات 9بجے) سے قبل ہی کلاس میں داخلے کے خواہشمند طلباء کی بڑی تعداد منہاج اسلامک سنٹر کے باہر جمع ہو چکی تھی، داخلہ سے قبل کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام امیدوار طلباء کو خوش آمدید کہا اور انہیں کلاس کے قواعد و ضوابط سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ اس موقع پر کلاس کے سابق طلباء محمد افضال گوندل اور راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے داخلہ کے مراحل میں معاونت کی اور کلاس میں زیر تعلیم رہنے کے دوران اپنے تجربہ سے نئے طلباء کو آگاہ کیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں اکتوبر 2009 سے سپانش زبان سکھانے کے لیے کلاس کا آغاز کیا گیا جس میں منہاج القرآن سپین کے نوید احمد اندلسی اپنی تدریسی خدمات سرانجام دیتے ہیں اب تک 15 سہ ماہی کلاسیں مکمل ہو چکی ہیں جن میں سینکڑوں طلباء بلا معاوضہ استفادہ کر چکے ہیں۔ سپین میں باقی تنظیمات اور سرکاری اداروں میں بھی سپانش زبان سکھانے کے کورسز موجود ہیں تاہم منہاج القرآن بارسلونا کے کورس کی انفرادیت ہے کہ یہاں سپانش زبان اردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے۔ کورس کا دورانیہ تین ماہ کا ہوتا ہے اور ہر روز رات 9 بجے سے 11 بجے تک کلاس ہوتی ہے، کلاس میں سپانش زبان کے ساتھ ساتھ مقامی قوانین اور نظام حکومت و سیاست کے بارے بھی ضروری معلومات سے طلباء کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس کلاس کی اہمیت و مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تقریبا ہر کلاس کے آغاز کے دن طلباء کی بڑی تعداد کے پیش نظر قرعہ اندازی کے ذریعے داخلہ کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: محمد وقاص راجہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top