نااہل حکمرانوں نے نرسوں پر وحشیانہ تشدد کر کے عالمی برادری میں پاکستان کا چہرہ شرم سے جھکا دیا۔ عائشہ شبیر

مورخہ: 14 مارچ 2014ء

پولیس کا خواتین پر تشدد دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے
حکمران اقتدار کے نشے میں دھت ہو کر خواتین کے تقدس اور احترام کو بھی بھول گئے
عائشہ شبیر کا پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی رہنما عائشہ شبیر نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے پرامن مظاہرہ کرنے والی نرسوں کی حرمت و تقدس کو پامال کر کے آئین کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی کی ہے۔ اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔ نااہل حکمرانوں نے پاکستان کی بیٹیوں پر وحشیانہ تشدد کر کے عالمی برادری میں پاکستان کا چہرہ شرم سے جھکا دیا ہے۔ لوگ مر رہے ہیں، لٹ رہے ہیں، والدین کی امیدوں کے چراغ انکی آنکھوں کے سامنے بجھائے جا رہے ہیں اور اب حکمران مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں پر ظالمانہ تشدد کر کے ہسپتالوں کو بھی تباہ و برباد کر کے راکھ کا ڈھیر بنا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اس افسوسناک سانحہ کی پر زور مذمت کرتی ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر حنا امین، شاکرہ چوہدری، نبیلہ ظہیر، سدرہ خرم، شازیہ مظہر اور ملکہ صبا موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس کا خواتین پر تشدد دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ حکمران اقتدار کے نشے میں دھت ہو کر خواتین کے تقدس اور احترام کو بھی بھول گئے ہیں۔ قوم کی وہ بیٹیاں جو مسیحائی کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، انکے ساتھ بدترین اور وحشیانہ سلوک کرنے پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ مظلوم نرسوں کے ساتھ انکی آواز بن کر ہر سطح پر سراپا احتجاج ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top