گوجرانوالہ: ایم ایس ایم کے زیراہتمام بیدارئ طلبہ مارچ

مورخہ: 18 مارچ 2014ء

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گوجرانوالہ کے زیراہتمام بیداری طلبہ مارچ 14 مارچ کو دن 3 بجے اڈا گوندلیانوالہ تا پریس کلب منعقد ہوا۔ جس کی قیادت مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف، مرکزی نائب صدر ایم ایس ایم رضی طاہر نے کی۔ ممبر سنٹرل کیبنٹ کاشف فیاض چیمہ، سبطین علی کلیئر، صدر گوجرانوالہ اعجاز مہر، کوآرڈینیٹر ریحان حمید ودیگر راہنما بھی مارچ میں شریک تھے۔ مارچ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوا، جہاں پر مقررین نے اظہار خیال کیا۔

مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 25 مساوات اور برابری کی بات کرتا ہے جبکہ فرسودہ نظام ہمیں طبقات میں تقسیم کیے ہوئے ہے۔ جبکہ آرٹیکل 25A ہر پانچ سال کے بچے کو بنیادی تعلیم کی فراہمی کا وعدہ کرتا ہے جبکہ پاکستان میں 80 لاکھ سے زائد بچے بنیادی تعلیم سے ہی محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی وہ دفعات جس میں عوام الناس کے حقوق کا ذکر ہے وہ آئین بننے سے لیکر آج تک معطل ہیں اور یہ بھی آئین سے بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ ہماری نام نہاد منتخب سیاسی قیادتوں نے ہمیں بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا ہے اب وقت آگیا ہے کہ ہم اشرافیہ کے مفادات کا محافظ سیاسی نظام بدلنے کیلئے ایک قوم بن کر جدوجہد کریں۔

نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان رضی طاہر نے کہا کہ طلبہ کی بیداری اس بات کی دلیل ہے کہ اب انقلاب کا راستہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ان شاء اللہ طلبہ اپنے عظیم قائد کی قیادت میں پاکستان سے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ ریلی سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں کرپٹ نظام کیخلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت کو ہی پاکستان کی آخری امید قرار دیا۔ آخر میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top