11 مئی کو کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہو ں گے: بشارت عزیز جسپال

انتخابات متنازع ہو چکے، جمہوریت نہیں حکومت کی ٹرین ڈی ریل ہونے والی ہے
جب تک عوام ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی
پاکستان اور عوام بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری امید کی آخری کرن ہیں
بشارت عزیز جسپال کا پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تحت کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہو ں گے۔ انتخابات متنازع ہو چکے، جمہوریت نہیں حکومت کی ٹرین ڈی ریل ہونے والی ہے۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات صحت، تعلیم، روزگار اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ارباب اقتدار کے ذاتی کاروبار خوب ترقی کر رہے ہیں اور ملکی اداروں کو بدنیتی سے تباہ کر کے نجکاری کی جا رہی ہے۔ پاکستان اور عوام بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری امید کی آخری کرن ہیں۔ انکی کال پر ملک بھر سے لاکھوں عوام 11 مئی کو احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 23 دسمبر کے جلسے اور لانگ مارچ کر کے سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کے ساتھ ہیں۔ استحصالی اور ظالمانہ نظام سے انکار کر کے انقلاب لانا ہو گا۔ عوام، لوڈ شیڈنگ، بے روز گاری، بھوک، دہشت گردی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کے حقوق کی کسی کو فکر نہیں۔ ان دگرگوں حالات کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ انتخابی نظام اور 11 مئی کے غیر آئینی الیکشن ہیں۔ ملک میں کرپشن اور دہشت گردی کا راج قائم چکا ہے۔ اس غیر آئینی الیکشن کے بعد اس آگ نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عوام کو اندازہ ہو گیا ہے کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہو چکا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کر کے انقلاب لانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں کیا۔ جبکہ اس موقع پر 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونیوالے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں تشکیل دی گئی پچاس سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس میں فیاض وڑائچ، راجہ زاہد، چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ، عبد الحفیظ چوہدری، راجہ ندیم، مشتاق احمد، چوہدری افضل گجر، چوہدری سلطان محمود اور پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے اور عوام کے حقوق ادا کرنے کا فریضہ ہے مگر کرپٹ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے انتخابی عمل اور سیاسی انتہا پسندی نے عوام کے مسائل پس پشت ڈال دیے ہیں۔ سیاست آپس میں تشدد اور باہمی دشمنیوں کی نذر ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک پرامن احتجاجی مظاہروں میں شامل ہو کر فرسودہ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ 11 مئی والے دن پورے ملک میں عوام پرامن احتجاجی ریلیاں نکال کر جعلی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی فراڈ حکومت کو مسترد کر دیں گے کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے سے قائم ہونیوالی حکومت نے عوام کو مزید مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top