سرگودھا: ایم ایس ایم کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

علامہ محمد اقبال کی برسی پر ان کی یاد میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سرگودھا کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’اقبال کا خواب اور آج کا پاکستان‘‘ جناح ہال کمپنی باغ میں منعقد ہوا جس میں ایم ایس ایم کے کارکنان کے علاوہ تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے کارکنان بھی شریک تھے۔ سیمینار کی صدارت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کی، جبکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی نائب صدر رضی طاہر، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی سیکرٹری سوشل میڈیا محمد ہارون ثانی، زونل ناظم تنظیمات سردار عمر دراز خان، زونل کوآرڈینیٹر PAT سید محمود احمد حسنین آغا، ڈویژنل کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم ثمر عباس بھی شریک تھے۔ انجمن طلبائے اسلام، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کے ذمہ داران نے بھی خصوصی شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ اقبال کے وارث ہم ہیں، مگر افسوس کہ ان کا جسم تو لاہور میں مدفون ہے مگر روح پاکستان میں نہیں ہے۔ یہ وہ پاکستان نہیں جس کا خواب اقبال نے دیکھا تھا اور جس کے لئے لاکھوں قربانیاں دی گئیں۔ آج اقبال کی روح اس پاکستان کے حالات پر روتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اقبال کے خواب ، جس کی تعبیر جناح نے دی اس کی تکمیل کیلئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو تھام لیا ایک وہی قیادت ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان کو اقبال کا شاہین بننا ہوگا۔ شاہین کی صفات اپنانے ہی سے ہم اقوام عالم میں اپنا مقام پیدا کر سکتے ہیں۔ خودی کے فلسفے کو دوبارہ سے زندہ کرنا ہوگا۔

سیمینار سے نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان رضی طاہر نے کہا کہ آج پاکستان میں قیادت کا بحران ہے۔ ہمیں اگر حقیقی قیادت کی تلاش ہے تو دیکھنا ہوگا کہ الیکشن کے موسم میں کون ہمارے ساتھ ہے اور الیکشن کے بعد کس کی ہمدردیاں ہمارے ساتھ ہیں۔ اقبال نے قیادت کی جو تعریف کی ہمارے سیاسی جماعتوں کے قائدین اس معیار کے عشر عشیر بھی نہیں ہیں۔ پاکستا ن کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو بڑی سے بڑی طاقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طالب علم سے فلسفہ اقبال چھین لیا گیا ہے۔ نصاب کی کتب سے اقبال کے نظریات کو ایک سازش کے تحت خارج کردیا گیا تاکہ یہ قوم غلامی سے بیداری کا سفر نہ کر سکے۔ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا انقلاب اقبا ل کے خوابوں کی تکمیل ہے۔

سیمینار سے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم حافظ ثمر عباس نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہم اقبال کے خوابوں کی تکمیل کیلئے شانہ بشانہ قائد انقلاب کے سنگ ہیں اور ضرورت پڑی تو تن من دھن کی بازی لگا دیں گے۔ سیمینار میں ایم ایس ایم کے ضلعی کوآرڈینیٹر خواجہ احسن، سٹی صدر سرگودھا مبین ملک جبکہ تمام تحصیلات کے صدور بھی شریک تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مقامی راہنما ملک غلام حسین، حاجی اسلم رانجھا، راجا اکرام اللہ، سید فاروق علی شاہ، ملک محمد یار تھہیم، محمد فاروق طاہر، عمران ملک، حکیم خورشید اسلم، منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی راہنما مسز پروین بھٹہ سمیت دیگر خواتین بھی شریک تھیں۔

 

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top