سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بین المذاہب روداری، محبت اور اخوت و بھائی چارے سے معمور ہے۔ فیض الرحمان درانی

مورخہ: 02 مئی 2014ء

حکمرانوں نے ہمیشہ فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی ہیں
فوج سرحدوں کی حفاظت کرے قوم سب کچھ قربان کر کے فوج کی حفاظت کرے گی

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہاہے کہ آج ہم امن محبت اور روادری کی بات تو کرتے ہیں لیکن ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات سے کوسوں دور ہیں اگر ہم حقیقی معنوں میں امن، محبت رواداری اور انصاف کے ساتھ مخلص ہیں تو ہمیں آقا ئے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنانا ہو گا۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کی اصلاح کیلئے ایسی اجتماعیت میں شامل ہونا ہو گا جو صراط مستقیم اور قرآن کے راستے پر چلنے کی رہنمائی دے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہمیشہ فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی ہیں۔ پاک فوج اور ISIکے خلاف زہر اگلنے والے اور اپنے وزیروں سے افواج پاکستان کے خلاف باتیں کروانے والے ملک دشمن ہیں۔ نااہل حکمرانوں کو حق نہیں پہنچتا کہ عساکر اسلامیہ کے خلاف باتیں کریں۔ امن اورانصاف کے بانی تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بین المذاہب روداری، محبت اور اخوت و بھائی چارے سے معمور ہے۔ پیغام امن و محبت کے عالمی داعی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت آج کے دور میں فہم دین کا معتبر ترین حوالہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمہارے گھناؤنے کاروبار ختم ہونے کا وقت آ چکا، عوام کے ہاتھ تمہارے گریبانوں تک آنے والے ہیں۔ جعلی الیکشن کی وجہ سے طاقت میں آنے والوں کا ایجنڈا یہ ہے کہ جمہوریت کی بقا کے نام پر پاکستان کی سلامتی کے ادارے فوج پر حملہ کیا جائے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور عوامی مہم جاری ہے اور سوئے لوگوں کو جگا رہے ہیں، لوگوں کو جھنجوڑ رہے ہیں کہ اپنے حق مانگنے کیلئے باہر نکلیں۔ عوام گھروں میں بیٹھ کر بھوک کی آگ میں جلنے کی بجائے اپنے آئینی، قانونی وجمہوری حقوق کے حصول کیلئے11مئی کو پر امن احتجاج کیلئے باہر نکلیں۔ 11مئی کے مک مکا کے نتیجے میں وجو د میں آنے والی حکومت نے عوام کو دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب یہ ظالم حکمران سازش کے تحت فوج کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر آ گئے ہیں۔ افواج پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں، حکومت کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فوج سرحدوں کی حفاظت کرے قوم سب کچھ قربان کر کے فوج کی حفاظت کرے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top