دس ہزار عوامی انقلاب کونسلز تشکیل دے کر ایک کروڑ انقلابیوں کو جلد تیار کریں گے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 26 مئی 2014ء

ہر شعبہ زندگی کے افراد کو شامل کر کے پاکستان کو ظالم حکمرانوں سے بچانے کی تیاری کا آغاز کر دیں
عوامی مسائل کا حل انتخابات میں نہیں انقلاب ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام لے کر ہر گھر پر دستک دی جائے
پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخواہ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین کی گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کارکنوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قافلہ انقلاب میں ہر شعبہ زندگی کے افراد کو شامل کر کے پاکستان کو ظالم نظام کے محافظ حکمرانوں سے بچانے کی تیاری کا آغاز کر دیں۔ انقلاب کے بعد ہر بے گھر کو مفت گھر، بیروزگار کو باوقار روزگار، میٹرک تک مفت اور یکساں تعلیم، مفت صحت کی سہولیات اور مظلوم کو انصاف اس کی دہلیز پر مفت دیا جائے گا۔ عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری دی جائے گی جس کے تحت دس لاکھ افراد کو حکومت میں شریک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام لے کر ہر گھر پر دستک دی جائے، انقلاب کا پیغام لے کر ہر فرد کے پاس جائیں۔ انقلاب کی کال پر جب شہر شہر سے لاکھوں انقلابی نکلیں گے تو کسی میں جرات نہیں ہوگی کہ وہ قافلہ انقلاب کو روک سکیں۔ ڈاکٹر حسین قادری نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل انتخابات میں نہیں انقلاب ہے۔ ظالم حکمرانوں کی طاقت عوام کی بے بسی، غربت، جہالت اور مایوسی ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں 65 سالوں سے دھاندلی کر نے والوں کے خلاف نکلیں گے۔ عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری کے لیے سبز عوامی انقلاب کے لیے جولائی میں قائد انقلاب وطن آ رہے ہیں۔ دس ہزار عوامی انقلاب کونسلز تشکیل دے کر انقلابی کارکنوں کو ایک نئی جلا بخشی ہے۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک صوبہ خیبر پختونخواہ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران دھن، دھونس اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں جس کو وہ جمہوریت کہتے ہیں۔ ان کے پاس عوامی مسائل کا کوئی حل نہیں۔ یہ کرپٹ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ان سے چھٹکارا انقلاب کے سوا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں پاکستان عوامی تحریک کو مضبوبط اور نیٹ ورک میں لانے کے لئے مرکزی قائدین کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھر میں دس ہزار عوامی انقلابی کونسلیں بنانے کا اعلان کر کے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقلی کے فارمولے پر عملی قدم اٹھا لیا ہے۔ جو یونین کونسل سے نیچے وارڈ کی سطح تک منظم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ نظام عوام کے لیے نہیں بلکہ چند خاندانوں کے لیے ہے۔ پاکستانی عوام کی بے بسی، مایوسی، غربت اور جہالت کی وجہ سے ظالم حکمران طاقتور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دو چار حلقوں میں دھاندلی کے خلاف نکل کر اپنا وقت ضائع نہیں کریں گے۔ بلکہ میں 65 سالوں سے ہونے والی دھاندلی کے خلاف نکلیں گے اور ملک میں انقلاب بپا کیا جائے گا۔ جس کے لئے ملک بھر میں پورے مشنری جذبے کے تحت کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top