غیر شفاف اور کرپشن زدہ نظام نا اہلوں کو اعلیٰ عہدوں پر بیٹھا دیتا ہے۔ حنا امین

مورخہ: 28 مئی 2014ء

پاکستان میں موجود کرپٹ سسٹم کے سبب اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ر یڑھیاں لگانے، رکشے چلانے، مزدوری کرنے پر مجبور ہیں
طالبات بہتر اور روشن مستقبل کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں پر امن عوامی انقلاب کے لیے جدو جہد کرنے کے لیے پر عزم ہیں

پاکستان کے موجودہ حالات نوجوانوں اور طلباء کو فرسٹریشن کا شکار کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس تعلیمی پالیسی ہے ہی نہیں۔ نا مناسب نصاب تعلیم اورمختلف سطحی نظامِ تعلیم نہ صرف طلباء بلکہ والدین کے لیے بھی پریشانی کا باعث ہیں۔ والدین کی ڈھیروں قربانیوں کے بعد اگر سٹوڈنٹس اپنی تعلیم کسی طرح مکمل کر بھی لیں تو روزگار کے لیے خوار ہوتے رہتے ہیں۔ غیر شفاف اور کرپشن زدہ نظام نا اہلوں کو اعلیٰ عہدوں پر بیٹھا دیتا ہے۔ باصلاحیت، ذہین، محنتی اور ایماندار طلباء بے روزگار پھرتے ہیں۔ پاکستان میں موجود کرپٹ سسٹم کے سبب اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ریڑھیاں لگانے، رکشے چلانے، مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ جنہیں یہ بھی میسر نہیں آتا انہیں یہ ظالمانہ اور فرسودہ نظام خود سوزیوں کی طرف دھکیل دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک فی میل سٹوڈنٹس ونگ کی مرکزی ڈائریکٹر حنا امین نے ایم ایس ایم سسٹرز لاہور کے تحت منعقدہ کارنر میٹنگ میں سٹوڈنٹس سے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایم ایس ایم سسٹڑز لاہور، زینب ارشد، ثناء وحید اور قرۃ العین فاطمہ بھی موجود تھیں۔ اس کارنر میٹنگ میں لاہور بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طالبات نے شرکت کی۔

حنا امین نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیرِ قیادت عوام کے ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ PAT کا سٹوڈنٹس ونگ، ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام طلباء و طالبات تک پہنچانے میں سر گرمِ عمل ہے۔ لاہور بھر کی طالبات اپنے اور آئندہ نسلوں کے بہتر اور روشن مستقبل کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں پر امن عوامی انقلاب کے لیے جدو جہد کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کو طالبات نے خوب سراہا ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ جس طرح پاکستان بنانے میں سٹوڈنٹس قائد اعظم کا ہراول دستہ تھے۔ اب پاکستان بچانے اور از سرِ نو تعمیر کرنے میں بھی سٹوڈنٹس قائدِ انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہر اول دستہ ثابت ہوں گے۔ پاکستان بچے گا تو ہر طالب علم کا مستقبل روشن ہو گا، سٹوڈنٹس ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top