عوام پاکستان اور میری ملاقات کے درمیان چند دنوں کا فاصلہ حائل ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 07 جون 2014ء

سبز انقلاب میری زندگی کا مقصد ہے اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا
انقلاب آئے گا یا شہادت کا جام پیوں گا اب واپسی نہیں ہو گی
موجودہ حکمرانوں کی ملک دشمنی کا یہ عالم ہے کہ اپنی ہی فوج پر اعتماد نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کا 10 نکاتی ایجنڈا غریب کا مقدر بدل دے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوام پاکستان اور میری ملاقات کے درمیان چند دنوں کا فاصلہ حائل ہے۔ اسی مہینے وطن واپس آ رہا ہوں۔ انقلاب کی جدوجہد کا آخری اور فیصلہ کن مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ سبز انقلاب میری زندگی کا مقصد ہے اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔ انقلاب آئے گا یا شہادت کا جام پیوں گا اب واپسی نہیں ہو گی۔ کارکن گرمی اور حالات کی پرواہ کئے بغیر ڈور ٹو ڈور مہم جاری رکھیں۔ انقلاب ہر خاندان کا دروازہ کھٹکا رہا ہے۔ اگلی نسلوں کے مستقبل کو غلامی سے بچانے اور ریاست پاکستان کی حفاظت کیلئے ہر کوئی اپنا دروازہ کھول کر باہر نکل آئے۔ پاکستان عوامی تحریک کی انقلابی جدوجہد میں ہر طبقے کو شریک کرنا کارکنوں کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ موجودہ حکمرانوں کی ملک دشمنی کا یہ عالم ہے کہ اپنی ہی فوج پر اعتماد نہیں ہے۔ نواز شریف نے گذشتہ سال ستمبر میں بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ امریکہ میں ہونے والی ملاقات میں کہہ دیا تھا کہ ’’انہیں پاک فوج پر اعتماد نہیں ہے‘‘۔ اس پر انڈین میڈیا دم بخود رہ گیا تھا کہ پاکستان کا وزیر اعظم کیا کہہ رہا ہے؟ موجودہ حکمران ریاست پاکستان اور اداروں کے دشمن ہیں اس لیے انہیں اقتدار سے باہر نکالنا کرنا ہر فرد پر واجب ہو گیا ہے۔ قوم کو ایسے حکمرانوں سے نجات دلا کر ہی ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حالیہ بجٹ غریب دشمنی سے عبارت ہے۔ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی تنخواہوں اور مراعات کیلئے تو حکومت کے پاس فنڈز ہیں مگر غریب کی بنیادی ضرورتوں کیلئے کچھ نہیں۔ حکمرانوں نے غریب کو ریلیف دینے کیلئے اپنے ایک سالہ دور اقتدار میں کچھ نہیں کیا۔ عوام کی خدمت ان کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں یہ اپنی تجارتی شہنشاہیت کو فروغ دینے کیلئے اقتدار کو استعمال کر رہے ہیں۔ ذاتی اور پارٹی مفادات سے بڑھ کر ان کو کوئی چیز عزیز نہیں۔ ملکی مفادات کو بیچنا حکمرانوں کا آرٹ ہے۔ ان سے نجات کیلئے عوام انقلاب کی تیاری کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کا 10 نکاتی ایجنڈا غریب کا مقدر بدل دے گا، ملک کو ترقی ملے گی اور ایشیاء میں پاکستان لیڈنگ پوزیشن پر آ جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قوم کا ہر فرد اس یقین کے ساتھ باہر نکلے کہ انقلاب ہی اس دھرتی کا مقدر ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top