میری ایف آئی آر، کمیشن، گواہ اور تفتیش الیکٹرانک میڈیا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 جون 2014ء

سیاسی بد معاشی، دہشتگردی اور ظلم و جبریت کے خاتمے کا وقت قریب ہے، ملک کو مقتل گاہ نہیں بننے دیں گے
ناجائز اسلحہ جھوٹ اور بہتان ہے، الیکٹرونک میڈیا کو موقع پر کیوں نہیں دکھایا گیا
پولیس کے غنڈوں نے حفاظتی برئیر کو ہٹانے کی آڑ میں میرے گھر میں بیڈ رومز، کھڑکیوں، دروازوں پر اندھا دھند فائرنگ کی
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس

وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، بعض وزرا، آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران قتل عام کی منصوبہ بندی اور ہزار ہا پولیس اہلکار قتل اور دہشت گردی میں شریک ہوئے۔ ہماری ایف آئی آر، کمیشن، گواہ اور تفتیش الیکٹرانک میڈیا ہے۔ 23جون کو عوام اور سول سوسائٹی کو استقبال میں شریک ہونے سے ڈرایا گیا ہے۔ سیاسی بد معاشی، دہشتگردی اور ظلم و جبریت کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ ملک کو مقتل گاہ نہیں بننے دیں گے چند افسروں کو او ایس ڈی بنا کر زخمیوں اور شہداء کے میڈیکل ریکارڈ میں رد و بدل کی ذمہ داری دے دی گئی۔ شہداء کے رشتہ داروں کو کروڑوں روپے رشوت کی پیش کش، مرکزی قائدین پر جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعے قتل میں نامزد کیا جا رہا ہے۔ ناجائز اسلحہ جھوٹ اور بہتان ہے، الیکٹرونک میڈیا کو موقع پر کیوں نہیں دکھایا گیا۔ دہشت گردی کا سب سے بڑا دشمن ہوں۔ میرے فتوی کو ساری دنیا میں اسلام کا دفاع قرار دیا گیا۔ گذشتہ روزمر کزی سیکرٹریٹ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے بیرون ملک سے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جو خون کی ہولی کھیلی گئی اسکی منصوبہ بندی وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور بعض دوسرے وزراء کے ساتھ آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران نے کی اور اس دہشت گردی و قتل و غارت گری میں ہزارہا پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ جس کے نتیجہ میں سینکڑوں پر امن کارکنوں اور سول سوسائٹی کے افراد کو انتہائی درندگی اور دہشت گردی سے گولیوں کا نشانہ بنایا اور درجنوں بے گناہ افراد کو شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنائے ہوئے کمیشن کو مسترد کرتے ہیں جس کو پارلیمنٹ میں موجوداپوزیشن جماعتوں نے بھی مسترد کر دیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہماری ایف آئی آر، کمیشن، گواہ اورتفتیش الیکٹرانک میڈیا ہے اور بہت جلد سرکاری ایف آئی آر کے اندراج کیلئے الیکٹرانک میڈیا اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے ہمراہ تھانے میں جا کر درج کرائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور پاکستان قانون کے مطابق شہداء کا قصاص ہو گا۔ برئیر کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج سے چار سال پہلے جب انہوں نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ دیا تو پنجاب حکومت نے عدالت کے حکم پر خود حفاظتی بیرئیر لگائے اور محلے داروں نے اپنے پیسوں سے دو آہنی گیٹ لگائے۔ اگر ان بیرئیر کے ہٹانے یا پوزیشن تبدیل کرنے کا کوئی معاملہ تھا تو سرکاری افسران ہمارے چیف سیکورٹی آفیسر سے افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ برئیر ہٹانا ایک بہانہ تھا اصل میں حکمران 23جون کو عوام اور کارکنوں کو استقبال میں شریک ہونے سے ڈرانا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شہداء اور زخمیوں میں آدھی تعداد سول سوسائٹی کے افراد اور ہمارے کارکنوں کی ہے۔ حکومت نے چند افسروں کو او ایس ڈی بنا کر ایک سپیشل ٹاسک دے دیا ہے جس کے تحت شہداء کے رشتہ داروں پر یہ افسران دباؤ ڈال کر اور کروڑوں روپے رشوت کے بدلے عوامی تحریک کی قیادت کے خلاف بیانات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ انکی یہ ڈیوٹی ہے کہ شہداء اور زخمیوں کی میڈیکل رپورٹس میں رد و بدل کر کے کارکنوں کو لگنے والی گولیوں کو پتھر اور لاٹھی کے زخم جبکہ پولیس اہلکاروں کو پتھر اور لاٹھی کے زخموں کو گولیوں کے زخم بنوانا چاہتے ہیں۔ ناجائز اسلحہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا جھوٹ اور بہتان ہے۔ 15گھنٹے وحشیانہ آپریشن کرنے کے کئی گھنٹے کے بعد بھاری اسلحہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے برآمد ہونے کا موقع پر موجود الیکٹرانک میڈیا کو نہ دکھانا اسکے جھوٹ ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دہشت گردی کا سب سے بڑا دشمن ہوں۔ میرے سیکرٹریٹ میں اگر کوئی ناجائز اسلحہ برآمد ہوتا تو میں تحریک اور مشن کو بند کر دیتا۔ اسکی سب سے بڑی مثال یہ ہے کہ ہماری سٹوڈنٹس تنظیم پر جب مخالف تنظیموں نے تشدد کیا تو ہمارے طلباء نے اپنی حفاظت کیلئے اسلحہ رکھنے کی اجازت مانگی تو میں نے یہ کہتے ہوئے سختی سے انکار کر دیا کہ اگر آج آپ کو حفاظت کیلئے اسلحہ کی اجازت دوں تو کل آپ اس کو جارحیت کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس پر ہم نے اپنی سٹوڈنٹس تنظیم کو پانچ سال تک معطل کر دیا تھا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کرنے والے پولیس کے غنڈوں نے حفاظتی برئیر کو ہٹانے کی آڑ میں میرے گھر میں بیڈ رومز، کھڑکیوں، دروازوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اسکے علاوہ مرکزی سیکرٹریٹ کے اندر کمروں کے دروازوں، کھڑکیوں کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا۔ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ گوشہ درود کے اندر موجود درود پڑھنے والوں پر بھی گولیاں چلائی گئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top