حکمران الٹے لٹک بھی جائیں تو انہیں ہمارے بارے میں مالی بے ضابطگی کے کیس میں شکست فاش ہو گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

انقلاب کے بعد حکمرانوں کی لوٹ مار کی کمائی سے بنائے ہوئے رائے ونڈ محل کا بھی حساب دینا ہو گا
حکمران جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں کیونکہ یہ کرپشن کی پیداوار ہیں
میری انکم ٹیکس ریٹرن میں 30سال سے ناغہ نہیں ہوا
ڈاکٹر طاہرالقادری کا مرکزی سیکرٹریٹ میں میانوالی اور بھکر کے یو سی سطح کے ہزاروں کارکنان سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اگر حکمران الٹے لٹک بھی جائیں تو انہیں ہمارے بارے میں مالی بے ضابطگی کے کیس میں شکست فاش ہو گی۔ 1990 میں بھی حکمرانوں نے ہم پر 30 کیسز بنا کر تحقیقات کرنے کا شوق پورا کیا تھا مگر انہیں منہ کی کھانا پڑی تھی۔ انقلاب کے بعد حکمرانوں کی لوٹ مار کی کمائی سے بنائے ہوئے رائے ونڈ محل کا بھی حساب دینا ہو گا۔ حکمران جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں کیونکہ یہ کرپشن کی پیداوار ہیں۔ حکمرانوں نے مڈل ایسٹ سے امریکہ تک پوری دنیا میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بزنس ایمپائر بنا رکھی ہے۔ ان کے خون کا ایک ایک قطرہ عوام کا خون چوس کے بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری انکم ٹیکس ریٹرن میں 30سال سے ناغہ نہیں ہوا۔ وہ گذشتہ روز مرکز ی سیکرٹریٹ میں میانوالی اور بھکر کے یو سی سطح کے ہزاروں کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی 500سے زائد مطبوعہ کتابوں پر کبھی جائز رائلٹی بھی نہیں لی نہ ہی کبھی ایک روپیہ بھی ہدیہ لیا۔ میری ذات کسی دھبہ سے پاک ہے۔ میں اور میرے خاندان کیلئے تحریک کے پیسوں سے ایک کپ چائے بھی حرام ہے۔ کبھی مشترکہ کھانا کھائیں تو اسکے پیسے اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔ تحریک کے وسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک کیلئے کارکن فنڈ ریزنگ کرتے ہیں اور عطیات دیتے ہیں۔ پچھلے سال لانگ مارچ کیلئے میں نے اپنی فیملی کے زیور تک دئیے تھے۔ ہمارے کارکن اپنا مال ہی نہیں جان بھی انقلاب کیلئے لٹانے پر تیار ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top