انقلاب کا قافلہ شہر شہر قصبہ قصبہ لیکر جائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انقلاب کا قافلہ چل پڑا ہے اسے شہر شہر قصبہ قصبہ لیکر جائیں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کر کے بلدیاتی اور قومی و صوبائی الیکشن میں جاگیرداری و سرمایہ داروں کو شکست فاش دینگے۔ پیپلز کالونی فیصل آباد میں محمد امین قادری کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلییوں اور لوٹ مار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ لوگ فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہونے کے علاوہ جرائم پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اگر یہ حکمران رہے تو پاکستان کی کشتی ڈوب جائےگی، عوام کو ملک و قوم کے اچھے مستقبل کیلئے نکلنا ہو گا، پاکستان عوامی تحریک دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر عام آدمی کی حالت بہتر بنانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر لگانے کیلئے الیکشن میں حصہ لے گی اور وہ ظلم و جبر کے نظام، کرپشن اور لوٹ مار سے لدے ن لیگی حکمرانوں سے نجات کیلئے ملک بھر کے دورے کرینگے،  وہ 19 اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کے علاوہ ایبٹ آباد، سرگودھا، سندھ، کوئٹہ اور بلوچستان کا بھی دورہ کرینگے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی انقلاب کیلئے عوام نوٹ بھی دیں سپورٹ بھی اور ووٹ بھی دیں تاکہ اس ظالمانہ، جابرانہ اور مفاد پرستانہ نظام سے جان چھڑائی جا سکے۔ انہوں نے ایچ بی ایل کے اکاؤنٹ نمبر 01977900277303 میں فنڈ جمع کرانے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر عوام نے انقلاب برپا کرنا ہے، تبدیلی لانی ہے امیر غریب کا فرق ختم کرنا ہے انصاف دہلیز پر حاصل کرنا ہے تو اس نظام کے خلاف آواز بلند کرنی ہو گی اور عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پی اے ٹی غریبوں کی جماعت ہے اور غریبوں، کسانوں، مزدوروں اور طلبہ کی حالت بدلنے کا مشن لیکر نکلی ہے اسے کامیاب بنایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی صدر بشارت جسپال، سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ذرائع: روزنامہ پاکستان

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top