اگر کارکنوں کی گرفتاریاں بند نہ کی گئیں تو حکمت عملی تبدیل کرینگے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

دھرنوں نے قومی شعور بیدار کیا اور موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف نفرت پیدا کی
حق و سچ کی آواز کو دبانے کیلئے آزادی صحافت کا گلہ دبوچا جا رہا ہے

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوامی دھرنوں نے پوری قوم کے شعور کو بیدار کر دیا ہے اس نظام کے خلاف عوام میں نفرت پیدا ہوئی ہے۔ عوام میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے جوش پیدا ہوا ہے۔ میڈیا نے عوامی شعور کو بیدار کرنے میں جو کردار ادا کیا اور حکمرانوں کی کرپشن کو جس طرح بے نقاب کیا ہے وہ حکمرانوں کو برداشت نہیں ہوا۔ موجودہ حکمرانوں نے جس طرح 1998 میں روزنامہ جنگ پر حملہ کیا تھا اب بھی اسی طرح حق و سچ کی آواز کو ختم کرنے اور صحافت کا گلہ دبوچنا چاہتے ہیں۔ ARY پر پابندی دراصل آزادی صحافت و حق کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔ پیمرا حکمرانوں کا ذاتی ملازم بن گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد دھرنے میں واپسی کے موقع پر اپنی رہائش گاہ ‘‘القادریہ’’ میں صحافیوں سے میڈیا بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر رحیق عباسی، فرید الدین کوریجہ، قاضی فیض الاسلام، افتخار شاہ بخاری، راجہ زاہد و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی پوزیشن کلیئر کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح لاہور کے امیر ارشاد طاہر، خانقاہ ڈوگراں کے صدر حاجی طارق محمود عاجز، وہاڑی اور اٹھارہ ہزاری کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو للکار کر کہا کہ شہباز شریف آپ کیا چاہتے ہیں؟ ہم فساد کی راہ اپنانا نہیں چاہتے۔ اگر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر جبر و تشدد اور انکی گرفتاریاں بند نہ کیں تو پھر ہم اپنی نئی حکمت عملی کا بر ملا اعلان کرینگے، ہم تھکے نہیں دھرنوں نے تحریک کے کارکنان اور پاکستانی عوام کو ایک نئی قوت اور حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری منزل انقلاب ہے اور ہم قومی حکومت کے قیام کیلئے کوشاں رہیں گے۔ احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے اور اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر بھی انتخابات مسلط ہوئے تو انتخابات کا میدان لٹیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top