حکومت سے کوئی رابطہ ہوا نہ اس میں کوئی دلچسپی ہے: خرم نواز گنڈا پور

موجودہ حکمرانوں کی کوئی زبان ہے نہ ساکھ، جے آئی ٹی کی تشکیل پر حکومتی رابطوں کی خبروں کی تردید
رابطوں کا منفی پراپیگنڈا حکومت خود کروارہی ہے ، مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو

لاہور (13 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے حکومت کے رابطوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات غلط اور گمراہ کن ہیں یہ منفی پراپیگنڈا حکومت خودکروارہی ہے، اس حوالے سے حکومت نے ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا نہ رابطوں میں ہمیں کوئی دلچسپی ہے، موجودہ حکمرانوں کی کوئی زبان ہے نہ ساکھ، بار بار وعدہ خلافی کرنے والوں سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی انتقامی کاررائیوں میں کوئی کمی نہیں آئی، جعلی مقدمات میں ملوث کیے گئے ہمارے ہزاروں کارکنوں کو تفتیش کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے، رابطوں کا یہ منفی پراپیگنڈا حکومت خودکروارہی ہے،یہ حکمرانوں کی بھول ہے کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے انقلاب کا راستہ روک لیں گے، انقلاب آ کررہے گا، جھوٹے، دروغ گو حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی پاکستان عوامی تحریک نے نہیں حکومت نے بنانی ہے وہ بتائے جے آئی ٹی کیوں تشکیل نہیں دے رہی کیا جوڈیشل کمیشن ہم سے پوچھ کر تشکیل دیا گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لائحہ عمل کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، حکمران زیادہ دیر تک انصاف کے راستے میں دیوار نہیں بن سکیں گے۔پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر رحیق احمد عباسی نے بھی حکومت کی طرف سے کسی قسم کے رابطہ کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ایک سازش کے تحت ایسی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top