موٹروے منصوبوں سے صرف حکمرانوں کی غربت دور ہوتی ہے: خرم نواز گنڈاپور

پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویداروں نے اسے خطے کا مقروض ترین ملک بنا دیا: خرم نواز گنڈا پور
وزیراعظم کے خطاب سے وفاق صوبے میں نفرت بڑھے گی، ہزارہ کے عوام کا اصل مطالبہ نیا صوبہ ہے
وزیراعظم قوم کو بتائیں کہ لاہور، اسلام آباد، موٹروے کو گروی رکھنے کیلئے دنیا میں منادی کیوں کرتے پھرتے ہیں
وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویداروں نے اسے خطے کا مقروض ترین ملک بنا دیا ہے۔ وزیراعظم کے خطاب سے وفاق صوبے میں نفرت اور لڑائی بڑھے گی جس کا اس وقت ملک متحمل نہیں ہو سکتا، دھرنے نہ ہوتے تو حکمران کبھی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے پر مجبور نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اب تک یہی کہہ رہے تھے کہ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا یہ کام اوگرا کرتی ہے مگر وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔

گزشتہ روز انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں غربت کو کم کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا کوئی پیکیج لے کر جانا چاہیے تھا مگر وہ نفرت اور کدورت کے بیج بو کر آئے، پاکستان عوامی تحریک اپنے سوات کے جلسے میں بتائے گی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کیا چاہتے ہیں، موٹروے کا لالی پوپ الگ صوبہ کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتا، عوامی تحریک کے ایبٹ آباد اور ہری پور کے جلسے اور دھرنے میں جتنے عوام شریک ہوئے تھے وفاقی حکومت اربوں روپے کے وسائل خرچ کرنے کے باوجود بھی اس کا 20 فیصد جمع نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کا اصل مطالبہ نیا صوبہ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے، پہلی موٹروے کا تجربہ بتاتا ہے کہ ایسے منصوبوں سے صرف حکمرانوں کی غربت دور ہوتی ہے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا، وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے عوام سے ہمدردی ہوتی تو وہ 32 ارب روپے صاف پانی کی فراہمی، روزگار کے مواقع بڑھانے اور آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے خرچ کرنے کا اعلان کرتے، 32 ارب روپے سے پورے خیبر پختونخوا کی فارم ٹو مارکیٹ اور بین الاضلاعی سڑکوں کی دو بارہ تعمیر نو کی جا سکتی ہے مگر حکمران میگا منصوبے میگا کرپشن کے اصول پر چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کو بتائیں لاہور اور اسلام آباد موٹروے کو گروی رکھنے کیلئے ان کے وزیر خزانہ دنیا بھر میں منادی کیوں کرتے پھرتے ہیں؟ قرضے لیکر موٹروے بنانے والے قرضے ادا کرنے کیلئے پھر موٹرویز کو گروی رکھ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 50 فیصد انتہائی غریب اور 80 فیصد صاف پانی سے محروم عوام اور سہولت نہ ہونے کی وجہ سے سکول نہ جانے والے کروڑو ں بچوں کیلئے منصوبے کب بنیں گے؟

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top