سانحہ پشاور پر گریہ و زاری کافی نہیں، قوم کو متحد ہونا ہوگا: صاحبزادہ فیض الرحمان درانی

لاہور ( )19دسمبر 2014ء
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں درندے ہیں، تھرپارکر میں بھوک سے مرنے والے بچوں کے قاتل ذخیرہ اندوز ہیں۔ شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا مگر سانحہ پر گریہ و زاری کافی نہیں، قوم کو متحد ہونا ہوگا اور اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہونا ہوگا۔ قربان ہونے والے تو یقیناً اللہ کے ہاں انعامات پا چکے، شہید کیلئے تو ہمیشہ کی زندگی کا وعدہ اللہ پاک نے کیا ہوا ہے۔ شہید ہونے والے بچوں کے والدین کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل اور اجر عظیم عطا کرے، انہیں اس امتحان میں سرخرو کرے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے یہ ہماری سرزمین ہے ہم نے اسے لاکھوں جانیں دے کر حاصل کیا ہے، یقیناً مسلمان کیلئے موت کوئی معنی نہیں رکھتی شہادت ہماری میراث ہے۔ قوم ان حالات سے گھبرانے والی نہیں ہے لیکن ساری قوم کو جوش کے ساتھ ہوش سے کام لینا اور ایک واضع لائحہ عمل طے کرنا ہوگا اسی میں ہماری نجات ہے۔

انہوں نے کہاکہ ساری قوم اجتماعی توبہ کرے اور اللہ سے مدد مانگے، غمزدہ خاندانوں اور مملکت خداداد کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں اور حقیقی معنوں میں اچھا مسلمان اور پاکستانی بننے کا تہیہ کر لیں۔ پاکستان کو ہماری منافقت، کرپشن اور افتراق و انتشار کے ہاتھوں بہت نقصان ہو چکا۔ اب ہم صرف اور صرف پاکستانی ہیں تو پھر یقیناً اللہ کریم کی رحمت نازل ہوگی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top