ڈیرہ غازیخان: استقبال ربیع الاول میلاد مارچ

ماہ ربیع الاول اپنی آغوش میں ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیاں لیے امت مسلمہ پرسایہ فگن ہے۔ اللہ کے فضل وکرم سے تحریک منہاج القرآن جس جوش و جذبہ ایمانی سے میلاد اور استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں میلاد مارچ کرتی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اور پوری دنیا اسکی مثال دینے سے قاصر ہے۔ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی منہاج القرآن ڈیرہ غازیخان نے استقبال ربیع الاول میلاد مارچ کیا۔ میلاد مار چ دفتر تحریک منہاج القرآن سے شروع ہوا اور شہر کی مختلف شہروں سے ہوتا ہوا ٹریفک چوک پر ختم ہوا۔ جس کی قیادت تحصیل صدر تحریک مہناج القرآن ذوالفقار علی چشتی اور ڈسٹرکٹ آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک سیف اللہ صدوزئی نے کی۔ میلاد مارچ میں صاحبزادہ انورحسن قریشی، ریاض علیانی، غلام محمد، سردار عبدالغفوراختر ملانہ، خواجہ جاوید، حافظ خبیب احمد، حاجی محمد عمر، مفتی جمیل قادری، محمد ربنوار، ملک سعید مصطفوی کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

میلاد مارچ سے علامہ طارق حجازی، سیف اللہ صدوزئی، ذوالفقارعلی، عامرکریم ملک، اور دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مبارک اور پرکیف دن جہاں مسلمانوں کیلئے خوشی اور مسرت کا باعث ہے وہا ں یہ تجدید عہد وفا کا دن بھی ہے۔ ہم عہد کریں کہ مادیت پرستی کے اس پر فتن دور میں فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منانے کے ساتھ ساتھ سیرت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی بطور نظام اپنی زندگیوں میں نافذ کریں گے۔ اور بلا شبہ سیرت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بطور نظام نافذ کرنا حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفاداری کا عملی ثبوت ہوگا۔ اور یہ ربط رسالت ماٰب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے باب میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رشتہ وفاداری کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56 اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں اور مغرب کی تقلید اور ان سے خوف کی روش کو ترک کر دیں۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات میں انکی صحبت میں بیٹھنے والا غیر مسلم بھی رحمت سے محروم نہیں رہا تھا۔ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ آج امت مغرب کی پیروی کر کے بے سکونی کی زندگی بسر کر رہی ہے۔ مسجدیں محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں، دین کا وقار لٹ گیا ہے اور مغرب کی اندھی تقلید شروع ہوگئی ہے۔ ایسا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق غلامی کے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے سبب ہے۔ مسلمان جن کی پیروی کر رہے ہیں ان کے انسانی حقوق کے فلسفے میں مسلمان انسان ہی نہیں ہیں۔ آج امن قائم کرنے کے نام پر بدترین دہشت گردی ہو رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن امت کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔ معلم انسانیت آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درودوسلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ وفساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور حسن سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔ میلاد مارچ کے شرکاء کا ہر چوک پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top