اساتذہ، بچوں اور تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی

انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمہ کیلئے مدرسوں اور سکولز کی نصاب سازی اور اساتذہ کی تربیت از حد ضروری ہے، شاہد لطیف
ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس خواب کو حقیقت دینے کیلئے کوشاں ہے کہ وہ اس قوم کو 100 علی گڑھ دیں گے
غربت، افلاس، بے روزگاری، مہنگائی اور پسماندگی جہالت ہی کا شاخسانہ ہے
اساتذہ کو معاشی طور پر آسودہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہو نا چاہیے
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام منہاج ایجوکیشن کمپلیکس میں تربیتی کیمپ برائے اساتذہ سے خطاب

لاہور (19 جنوری 2015) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام منہاج ایجوکیشن کمپلیکس ٹاؤن شپ میں تربیتی کیمپ برائے اساتذہ منعقد ہوا جس میں پورے پاکستان سے 50 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈایکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے۔ انبیاء کا مشن ہی انسانیت کیلئے رحمت بانٹنا ہے۔ اساتذہ اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کو عام کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں۔ تعلیم کو عام اور سستا کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے۔ قوم کے مستقبل بچوں اور تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں حکمران کلیتاً ناکام ہو چکے ہیں اور اساتذہ و طلباء عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی تعلیم کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے موجودہ دور میں بہت بڑا جہاد ہے۔ اگر اساتذہ تعلیم اور کردار پر توجہ دیں تو معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

شاہد لطیف نے کہا ہے کہ معاشرے سے بڑھتے ہوئے انتہا پسندانہ رویوں اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مدرسوں اور سکولز کی از سر نو نصاب سازی اور اساتذہ کی تربیت از حد ضروری ہے۔ جدید اور قدیم علوم کو الگ الگ کر کے اور دینی و دنیاوی تعلیم میں تفریق پیدا کر کے سازش کی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملت کے اس مرض کی تشخیص کی اور اس کے زوال کے اسباب میں جہالت کو سب سے بڑا مرض قرار دیا اور تنگ نظری، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو جہالت کی علامات قرار دیا ہے۔ غربت، افلاس، بے روزگاری، مہنگائی اور پسماندگی جہالت ہی کا شاخسانہ ہے۔

شاہد لطیف نے کہا کہ استاد معاشرے کے معمار کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے اسکو کردار و عمل کا نمونہ ہونا چاہیے۔ نئی نسل کے کردار میں اساتذہ کرام کا کردار مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ قوم کو اسکی منزل سے آشنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس خواب کو حقیقت دینے کیلئے کوشاں ہے کہ وہ اس قوم کو 100 علی گڑھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہی استاد معاشرے کو بدل سکتا ہے جو معاشی طور پر خوشحال ہے، اس لئے اساتذہ کو معاشی طور پر آسودہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہو نا چاہیے۔ تربیتی ورکشاپ میں سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے اساتذہ اور معصوم بچوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ساجد حسین، سیف اللہ بھٹی، علی وقار، امیر عباس، عتیق الرحمان، فاروق احمد و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top