احتساب کے ’’شریف ماڈل‘‘ نے ملک کنگال اورانصاف کا جنازہ نکال دیا: خرم نواز گنڈاپور

حکمران خاندان کے کیسز ختم کرنے سے ثابت ہو گیاقانون کا شکنجہ صرف غریب کی گردن کیلئے ہے
نیب نے ملزمان کا ساتھ دیکر انصاف اور احتساب کا جنازہ نکال دیا، مرکزی سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

لاہور (7فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتساب کے ’’شریف ماڈل‘‘ نے ملک کنگال اور قوم کو بے حال کر دیا۔ شریف برادران کے قرض نادہندگی اور کرپشن کے کیسز ری اوپن نہ کیے جانے سے ثابت ہو گیا کہ اس ملک میں قانون کاشکنجہ صرف کمزور کی گردن پر فٹ کرنے کیلئے ہے۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے وکیل نے ملزمان کے حق میں بیان دیکر احتساب کا جنازہ نکال دیا۔ اگر نیب نے بدعنوان طبقہ کو تحفظ ہی فراہم کرنا ہے تو یہ ادارہ ختم کر دینا چاہیے، عوام کے خون پیسنے کی کمائی بطور اخراجات خرچ کرنے کا کوئی جوازباقی نہیں بچا، انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ کہنا درست ثابت ہوا کہ ملکی قانون کرپٹ عناصر اور کرپشن کو تحفظ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان کا دامن صاف تھا تو ’’ریاستی طاقت کے استعمال کی بجائے عدالت سے بالا بالا ریلیف حاصل کرنے کی بجائے کیس چلوا کر عدالت کے اندر اپنی بے گناہی ثابت کرتا اور قوم کے علم میں آنا چاہیے تھا کہ آخر ایک بااثر حکمران خاندان نے 23 سال قبل جو قرضہ لیا تھا اس کے بروقت ادا نہ ہونے کی کیا وجوہات تھیں اور 23 سال پہلے جن اثاثوں کے عوض جو قرضہ لیا گیا تھا آیا وہ اس وقت بھی اتنی ہی مالیت کا تھا؟ اور جو رقم سود کی مد میں ادا کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے کیا سود کی رقم اتنی ہی بنتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ نیب نے مک مکا کر لیا ہے اور اب یہی سہولت این آئی سی ایل، ای او بی آئی، اوگرا کرپشن کیس اور حج سکینڈل کے ملزمان کو بھی دئیے جانے کا امکان ہے ایسے میں احتساب کے اداروں کو بند کر کے مک مکا کے قانون کو لاگو کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں احتساب کے ذمہ دار ادارے ملزمان کے حق میں مقدمہ نہ چلانے کے بیان دیں اور دن دہاڑے تھانے پر حملہ کر کے اہلکاروں کو زدوکوب کر کے جرائم پیشہ عناصر کو چھڑوانے والے حکومت کے ایم پی اے باعزت بری ہو جائیں اور ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا سرعام قتل کرنے والے افسران اور ان کے سرپرست دندناتے پھریں وہاں سے کرپشن ختم ہونے اور انصاف کے بول بالا کی کیسے امید کی جا سکتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top