طاہرالقادری جلد پاکستان آ ئیں گے اور انقلابی جدوجہد جہاں سے ختم کی تھی وہیں سے شروع کریں گے: ڈاکٹر حسن محی الدین

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھلا نہیں سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا
عوامی فیملی میلے میں پاکستان کے نامور فنکاروں، گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا

لاہور (26 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے زیراہتمام عوامی فیملی میلہ منعقد کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے دہشت گردی کے خلاف اور سانحہ ماڈل ٹاؤن و انقلاب مارچ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کیے گئے عوامی میلے کے مہمان خصوصی تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور تھے جبکہ عوامی میلے کی صدارت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چوہدری بشارت عزیز جسپال نے کی۔

عوامی میلہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا پاکستان کا کرپٹ اور فرسودہ سیاسی نظام زمین بوس ہونے کو ہے، پاکستانی قوم گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دینے کے لئے قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جلد پاکستان آ رہے ہیں، انقلابی جدوجہد جہاں سے ختم کی تھی وہیں سے شروع ہو گی اور یہ انقلابی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک غریب کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں آ جاتی اور یہ غریب کش نظام سمندر برد نہیں ہو جاتا۔ پاکستانی قوم خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنے گھروں سے نکلے اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے ظالم نظام سے ٹکرائے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھلا نہیں سکتے، وہ انقلاب کے پہلے شہید ہیں ان کا خون ہم پر قرض ہے اور حکمرانوں کی گردن پر ہے، اور یہ گردنیں جلد پھانسی کے پھندے پر ہوں گی۔

تقریب سے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک پنجاب فیاض احمد وڑائچ، ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں، سید ہدایت رسول قادری، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، چوہدری ناصر حبیب ایڈووکیٹ، ڈاکٹر روبینہ رشید، باجی فرحت دلبر، سفیرا خاں ایڈووکیٹ، میاں ظہور احمد، مذمل جٹ، رانا نثار احمد شہزاد، ملک سرفراز قادری، غلام محمدقادری نے بھی خطاب کیا۔

عوامی فیملی میلے میں پاکستان کے نامور فنکاروں، گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ میلے میں ایک ہزار سے زائد فیملیوں نے قائد انقلاب کی سالگرہ کے کیک کاٹے، میلے میں جھولے، جھومر، قوالی، ملی نغمیں، کھانے پینے کے اسٹال، کتابوں، سی ڈیز کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔ فیصل آباد کے شہریوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عوامی فیملی میلے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین، بچے، عام شہری اس میلے میں شریک ہوئے۔ عام شہریوں کا یہ کہنا تھا دہشت گردی، مہنگائی اور پریشان حالات میں عوامی تحریک نے عوامی میلے کا انعقاد کر کے لوگوں کیلئے خوشی کا سامان مہیا کیا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top