ضمیر فروش لوگ سینیٹ میں آ کر عوام اور ملک کی بہتری کیلئے کیا کام کرینگے؟ خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 12 مارچ 2015ء

حکمران طبقہ قوم کے پیسوں پر عیش کرتا ہے اور ملکی وسائل کا بے دریغ استعمال کرتا ہے
ڈاکٹر طاہر القادری ان چوروں، لٹیروں سے ملک کا قبضہ چھڑوانا چاہتے ہیں، عوام ان کادست و بازو بنیں
حکمرانوں کی گاڑیوں میں پٹرول نہیں عوام کا خون جل رہا ہے، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی وفد سے گفتگو‎

لاہور (12 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پچھلے 67سال سے ملک میں دو طرح کے لوگ موجود ہیں ایک اشرافیہ اور دوسرے عام لوگ، جب سے پاکستان وجود میں آیا ہے ملک پر قابض اشرافیہ زندگی کے سارے مزے کیش کرانے میں مصروف ہے۔ عوام بدقسمتی سے زندگی کی بنیادی ضرورتوں کو ترس رہے ہیں۔ غریب عوام ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے زندگی کا بوجھ اپنے ناتواں کندھوں پر اٹھا کر زندہ رہنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ سینیٹ کے حالیہ الیکشن میں بھی اراکین کی بولیاں لگائی گئیں۔ چھانگا مانگا کے وزیراعظم نے بھی کروڑوں دیکر اراکین اسمبلی کو خرید کر ہارس ٹریڈنگ کو تقویت دی۔ عوام سوال کرتے ہیں کہ ضمیر فروش لوگ سینیٹ میں آ کر عوام اور ملک کی بہتری کیلئے کیا کام کرینگے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں جنوبی پنجاب سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر راؤ عارف رضوی، ساجد بھٹی، شاکر مزاری، نعیم الدین چودھری، بشارت جسپال و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مراعات اور دوسری طرف اموات ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم اور ایوان صدر کے شاہانہ اخراجات کی تفصیل اگر قوم کو معلوم ہو جائے تو دو وقت کی روٹی کر ترستے غریب عوام اپنا ذہنی توازن بھی کھو بیٹھیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اقتدار پر بیٹھے مغل شہزادوں نے غریب عوام کوبیماریوں، بھوک، بم دھماکوں اور خودکش حملوں میں مرنے کیلئے بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے اور خود عیاشیاں کررہے ہیں، ایک طبقہ لوٹ رہا ہے اور دوسر اطبقہ چپ چاپ لٹ رہا ہے، حکمران طبقہ قوم کے پیسوں پر عیش کرتا ہے اور ملکی وسائل کا بے دریغ استعمال کرتا ہے۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی عیاشیوں میں اڑائی جارہی ہے۔ حکمرانوں کے زیر استعمال گاڑیوں میں پٹرول نہیں عوام کا خون جل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کے بنگلوں میں جو روشنیاں دکھائی دیتی ہیں وہ عوام کے ارمان جل رہے ہوتے ہیں۔ اشرافیہ بڑی چالاکی سے عام لوگوں کو مسائل کے جال میں پھنسا کر خود وسائل پر قابض ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ان چوروں، لٹیروں سے ملک کا قبضہ چھڑوانا چاہتے ہیں۔ اس کام میں ساری قوم کو ان کے دست و بازو بننا پڑے گا ورنہ یہ قابض طبقہ ملک کو کھا جائے گا اور قوم کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ کر پی جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک وسائل کو بروئے کار لا کر مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔‎

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top