سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں عوام سے سیاست کررہی ہیں:بشارت جسپال

مورخہ: 12 مارچ 2015ء

سینیٹ الیکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ نااہل سیاستدانوں کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے‎
پارلیمنٹ عوام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے

لاہور (12 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں لگنے والی بولیاں اور پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر بے ساختہ زبان پر یہ آ جاتا ہے کہ غلام ہو تو ایسی کہ ’’ در محبوب کا تو سگ بھی ہمیں اپنی جان سے عزیز تر ہے ‘‘چور دروازے سے آنے والے حکمرانوں نے منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچرکو پروان چڑھا کر ایک بار پھر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رکھ دیا ہے۔ وہ سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر راجہ زاہد، راجہ ندیم، چودھری افضل گجر، حنیف سندھیلہ، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ سینیٹ الیکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ نااہل سیاستدانوں کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے اگر وہ اس کوشش کا عشر عشیر بھی ملک و سنوارے کیلئے کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی عوام نے لانا ہے اور اس کا فیصلہ وہ جلدی کر لیں کیونکہ قوم پہلے ہی 67سال ضائع کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سمجھنا ہو گا کہ سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کررہی ہیں۔ پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے۔ قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ سینیٹ میں جس طرح اراکین کی خرید و فروخت ہوئی یہ منظر تو عیدالاضحیٰ پر بکرا منڈیوں پر بھی دیکھنے کو نہیں ملتا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top