واہ کینٹ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب 22 مارچ بروز اتوار منعقد ہو گی

مورخہ: 17 مارچ 2015ء

واہ کینٹ: پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے جنرل سیکرٹری سیف الرحمٰن عطاری نے گزشتہ روز اجتماعی شادیوں کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 22 مارچ بروز اتوار اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کرے گی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ہوں گے۔ سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر محمود اعظم بٹ کی زیر نگرانی مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بے سہارا اور یتیم بچیوں کو اپنی زندگی کے نئے سفر پر روانہ کرنے کا عظیم کام کر رہی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے صدر سیّد گفتار حسین شاہ نے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں بیٹی کی شادی جیسا مقدس فریضہ والدین پر بوجھ بن گیا ہے۔ بچی کی پیدائش کے وقت ہی سے والدین بچی کو مالی تنگدستی کی وجہ محسوس کرنے لگ پڑتے ہیں اور جہیز نہ ہونے اور شادی کے التوا کی بنا پر لڑکی خود کو والدین پر بوجھ تصور کرتی ہے۔ طے شدہ رشتے والدین کے پاس جہیز اور رخصتی کی رقم نہ ہونے کی وجہ سے رہ جاتے ہیں اور نجانے یہ کتنا بڑا مسئلہ اور روگ بن کر ہمارے معاشر ے کو تباہی اور بربادی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ ان حالات کی سنگینی کا صحیح وقت پر تدارک کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچیوں کو باعزت طور پر اپنی زندگی کے سفر پر روانہ کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک پی پی 8 کے صدر پروفیسر عبدالرحیم نے کہا کہ بچیوں کو دیے جانے والا برائیڈل گفٹ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کوششوں سے معاشرے کے چند عظیم مقامی لوگوں کا تحفہ ہوتا ہے جو ان نئے خاندانوں کے لیے زندگی گزارنے کا سامان ہے۔

تحریک منہاج القرآن PP-8 کے صدر سیف اللہ قادری نے کہا کہ اب تک مرکزی سطح پر 800 اور مقامی سطح پر 53 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں ہو چکی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top