ڈاکٹر طاہرالقادری نے کنٹونمنٹ انتخابات کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

مورخہ: 23 مارچ 2015ء

کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر رحیق عباسی ہونگے، ہم خیال جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت
‎27مارچ تک امیدواروں کو درخواستیں جمع کروانے کا مراسلہ جاری، 4صوبائی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں

لاہور (23 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی سربراہی میں 9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ مرکزی کمیٹی کو ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعاون کیلئے رابطوں کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے، کمیٹی نے متعلقہ انتخابی اضلاع کے صدور جنرل سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ 27 مارچ تک انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند اپنی درخواستیں مرکزی سیکرٹریٹ کو ارسال کر دیں امیدواروں کو کمیٹی کے ارکان سے رابطوں اور مشاورت کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ 9 رکنی مرکزی کمیٹی میں خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، شیخ زاہد فیاض، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، راضیہ نوید، شعیب طاہر، نور اللہ صدیقی، عرفان یوسف شامل ہیں، اس کے علاوہ 4 صوبائی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے یہ ہدایات بھی دی ہیں کہ جہاں جہاں کنٹونمنٹ انتخابات ہو رہے ہیں وہاں وہاں مقامی تنظیم اور عہدیداران پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں اور مشاورت کے ساتھ امیدواروں کے نام فائنل کئے جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نکتہ آغاز کا کریڈٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کو جاتا ہے۔ اگر سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 140‎-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صرف حکومت کی طرف دیکھتی رہتی تو کبھی بلدیاتی الیکشن نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وسائل اور اختیارات کی مرکزیت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ اس حوالے سے بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ابتدا ہے اور اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک بھر پور حصہ لے گی، انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور مرکزی قائدین کو موثر حکمت عملی تشکیل دینے اور فعال کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top