پنجاب حکومت علمائے حق کے خلاف کاروائیاں کر کے دہشت گردی کو تقویت دے رہی ہے: صاحبزادہ فیض الرحمان درانی

مورخہ: 27 مارچ 2015ء

حکمران صاحبزادہ حامد رضا جیسے محب وطن اور اسلام کے سپاہی کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر کے لوگوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں
صاحبزادہ حامد رضا کے خلاف حکومت کی انتقامی کاروائیوں کا پس منظر سیاسی ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں معصوم شہریوں کو زخمی و شہید کرنے والے ظالم حکمران دنیا و آخرت میں ذلیل و خوار ہوں گے‎
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب‎

لاہور (26 مارچ 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام نے محکومین کے درمیان عدل کے قیام کو ضروری قرار دیا ہے۔ حاکم وقت کا دینی فریضہ ہے کہ وہ لوگوں کو عدل فراہم کرے۔ عدل کی اولین بنیاد یہ ہے کہ کسی بھی فریق پر ظلم نہ ہو، ظلم کبھی معاف نہیں ہو سکتا، دنیا میں بھی اس کے بُرے نتائج سامنے آتے ہیں اور قیامت کے روز تو ادنی ظلم بھی ظالم کی نگاہوں میں سما کر اسے بینائی سے محروم کر دے گا۔ اور جب تک اللہ تعالیٰ مظلومین کو انکا حق نہ دیں گے ظالموں کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کر کے معصوم شہریوں کو زخمی و شہید کرنے والے ظالم حکمران دنیا و آخرت میں ذلیل و خوار ہوں گے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کہا کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے خلاف مقدمہ بازیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت علمائے حق کے خلاف کاروائیاں کر کے دہشت گردی کو تقویت دے رہی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا اور انکے بزرگوں کا دہشت گردی کے خلاف بڑا واضح موقف ہے۔ دہشت گردی کی حمایت کرنے والے حکمران ایسی مذموم کاروائیاں کر کے ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ پاکستان کی سیاست ایک سیاسی اکھاڑے کا روپ دھار چکی ہے، قومی مجرم مقتدر بن بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بدنام زمانہ مجرم ’’بر طرف وزیر‘‘ کے ایما پر صاحبزادہ حامد رضا پر جھوٹے مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ دہشت گرد حکمران صاحبزادہ حامد رضا کو ایک سازش کے تحت بدنام کرنے کیلئے مختلف اقدامات میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا امن کے پیامبر کے طور پر اپنی مثالی جدوجہد جاری رکھیں، ساری قوم انکے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے خلاف ریاستی طاقت کا ناجائز استعمال کیا جا رہا ہے جس کی تحریک منہاج القرآن پر زور مذمت کرتی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کے خلاف حکومت کی انتقامی کاروائیوں کا پس منظر سیاسی ہے۔ بارود والے ن لیگی درود والوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے محب وطن اور اسلام پسند شخصیات کے خلاف مقدمات فوری واپس لیں اگر صاحبزادہ حامد رضا کے خلاف مقدمات واپس نہ لیے گئے تو لوگ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top