23 مسلم و غیر مسلم جوڑوں کی شادی کے انتظامات مکمل

مورخہ: 28 مارچ 2015ء

15 سو مہمانوں کا کھانا، 23 بچیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ مالیت کا جہیز دیا جائے گا
منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے بالمقابل گراؤنڈ میں ٹینٹ لگ گئے

لاہور (28 مارچ 2015) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ 23 بچیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے ضروریات زندگی پر مشتمل سامان دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 2000 مہمانوں کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مسلم جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے عہدیداران، جبکہ غیر مسلم جوڑوں کی ازدواجی رسومات پادری حضرات انجام دیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے بالمقابل گراؤنڈ میں ہو گی۔ پنڈال کو رنگ برنگ جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔ باراتوں کی آمد کا سلسلہ دن 11 بجے سے لیکر دوپہر 1 بجے تک جاری رہیگا۔ دلہنوں کے گفٹ کو پنڈال میں لگا دیا گیا ہے اور ہر گفٹ کے اوپر ایک بینر کے ذریعے دولہا، دلہن کا نام لکھا ہوا ہو گا۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کے انتظامات کسی طرح بھی انفرادی سطح پر ہونیوالی شادیوں سے کم نہ ہونگے۔ پروقار تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے تلے دلہنوں کی رخصتی سے ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top