پنجاب حکومت گندم خریداری کا ٹارگٹ 5 ملین تک بڑھائے: عوامی تحریک پنجاب

نجی شعبہ کی عدم دلچسپی کے باعث کسان ایک ہزار روپے من میں گندم بیچنے پر مجبور ہے
‎92 فیصد چھوٹا کاشتکار خصوصی مدد کیلئے حکومت کی طرف دیکھ رہا ہے، اجلاس‎

لاہور (20 اپریل 2015ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت گندم خریداری کا ٹارگٹ 5 ملین ٹن تک بڑھائے، سرکاری گوداموں میں پڑے ہوئے سرپلس سٹاکس کی وجہ سے نجی شعبہ کھلی مارکیٹ سے گندم خریداری میں دلچسپی نہیں لے رہا جس کی وجہ سے گندم کی قیمت کھلی مارکیٹ میں ایک ہزار روپے سے بھی نیچے آ گئی ہے، بہاولپور اور رحیم یار خان کے کاشتکار بری طرح لٹ رہے ہیں اور وہ خصوصی مدد کیلئے حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں نائب صدور پنجاب، چودھری مظہر دیونہ آصف سلہریہ، حبیب اللہ بٹ، قاری مظہر، سید شاہد شاہ، راجہ زاہد اور ریحان مقبول نے شرکت کی۔

بشارت جسپال نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکار چاول، کپاس اور آلو کی فصلوں میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کر چکے ہیں اب گندم کی فصل ان کی آخری امید ہے یہیں سے انہوں نے آئندہ کی کھیتی باڑی کیلئے وسائل حاصل کرنے ہیں اور جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھنا ہے، اگر حکومت نے کسان دشمنی ترک نہ کی تو کسان پاؤں پر کھڑا نہیں رہ سکے گا جس کی سزا صنعت اور قومی معیشت بھگتے گی اور پھر آئی ایم ایف کا قرضہ پروگرام حکومت کو سنبھالا دے سکے گا اور نہ ہی چین کی 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کسان سمجھتے ہیں کہ جب سے موجودہ حکمران برسراقتدار آئے ہیں شعبہ زراعت بے برکتی کا شکار ہے یا سیلاب گھیر لیتے ہیں یا پھر بمپر کراپ کی صورت میں پرائیویٹ مافیا ان کا استحصال کرتا ہے، حکومت کی کوئی زرعی پالیسی نہ ہونے کے باعث کسان اور قومی خزانہ نقصان اٹھارہے ہیں اور پنجاب حکومت کے کسان دشمن فیصلوں کی وجہ سے اس وقت محکمہ خوراک 100 ارب روپے کا مقروض ہو چکا ہے اور اگر حکومت کا یہی چلن رہا تو رواں سال یہ قرضہ اڑھائی سو ارب سے تجاوز کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کا خریداری ٹارگٹ بڑھائے، ٹارگٹ کے مطابق 100 فیصد خریداری یقینی بنائے۔ بلاتاخیر باردانہ تقسیم کیا جائے اور 25 اپریل تک خریداری مہم کا آغاز کیا جائے ورنہ حکومت کی غفلت اور مجرمانہ کوتاہی کی سزا 92 فیصد چھوٹا کاشتکار بھگتے گا۔ بشارت جسپال نے اس موقع پر گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کیلئے پارٹی کی سطح پر خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جو بے ضابطگیوں پر نظر رکھے گی اور بروقت میڈیا میں نشاندہی کرے گی۔‎

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top