خیبر پختونخواہ میں بادوباراں سے تباہی نے پورے پاکستان کو رنج و غم میں مبتلا کر دیا، فیض الرحمن درانی‎

یہ گھڑی متاثرین پختونخواہ کیلئے ہنگامی مدد اور دعا کی متقاضی ہے
مسلمان معراج شریف کے بابرکت مہینے میں اللہ سے زیادہ سے زیادہ مدد مانگیں
فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے کہ رجب اللہ کا مہینہ، شعبان میرا مہینہ اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں ماہانہ درس عرفان القرآن سے خطاب

لاہور (27 اپریل 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے پشاور میں بارش اور آندھی سے شہید ہونیوالوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بادوباراں سے تباہی اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصان نے پورے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے، یہ گھڑی متاثرین پختونخواہ کیلئے ہنگامی مدد اور دعا کی متقاضی ہے۔ وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں ماہانہ درس عرفان القرآن سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ لطیف مدنی، علامہ اعجاز ملک اور علامہ امداد اللہ قادری و دیگر بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ رجب اللہ کا مہینہ، شعبان میرا مہینہ اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ مسلمان معراج شریف کے بابرکت مہینے میں اللہ سے زیادہ سے زیادہ مدد مانگیں۔ اس عظیم، بابرکت مہینے کے بارے میں علماء فرماتے ہیں کہ رجب جنت کی ایک نہر کا نام ہے جس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، شہد سے زیادہ میٹھا اور برف سے زیادہ ٹھنڈا ہے اس پانی کے پینے کا حقدار وہی ہو گا جو رجب کے روزے رکھتا ہے۔ رجب کے مہینے میں اللہ تعالیٰ اپنے بندے کے گناہوں کو بخش کر اسکو اپنی رحمت اور مہربانیوں میں سمو لیتا ہے۔ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے کہ جس نے ماہ رجب میں 3 روزے رکھے اس کیلئے نو سال کی عبادت کا ثواب لکھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اللہ تعالیٰ چار راتوں میں خیرو برکت کی بارش کرتا ہے، عید الاضحی کی رات، عید الفطر کی رات، 15 شعبان کی رات اور ماہ رجب کی پہلی رات۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ رجب المرجب کی بابرکت ساعتوں میں ہم اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑجانے والے تعلق کو مضبوط بنانے کی سعی میں دن رات ایک کر دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top