عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، افواج پاکستان کیخلاف بیان بازی کی مذمت

مورخہ: 02 مئی 2015ء

وفاقی حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر 11 مئی کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان‎
جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ، حکومتی جے آئی ٹی مسترد، انتقامی کارروائیوں کی مذمت
لوڈشیڈنگ، مہنگائی، ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں اضافہ کے خلاف مذمتی قرارداد‎
پٹرولیم مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس اور پٹرول کی قیمتیں 10روپے لیٹر کم کرنے کا مطالبہ
اجلاس میں ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، حنیف چودھری، حاجی اسلم، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، فرح ناز و دیگر کی شرکت

لاہور (2 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا اور آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کی گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11 مئی کو وفاقی حکومت کی 2سالہ ناقص کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا جائیگا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور کے پی کے کے انتخابات پر غور کیا گیا اور 3 مئی کو فیڈرل کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے لوڈشیڈنگ، مہنگائی، ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں اضافہ پر گہری تشویش یا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ ہیں، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک نہیں کررہے اور کارکنوں کے خلاف 17 جون سے شروع ہونے والی پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں آج کے دن تک جاری ہیں اور 1200 سے زائد کارکنان کو جھوٹے مقدمات کے تحت ٹرائل کیا جارہا ہے جس کی انہوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے خون کا بدلہ خون کے فیصلہ پر شہداء کے لواحقین اور عوامی تحریک کی پوری قیادت متفق اور پرعزم ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد کی جانے والی ریگولیٹری ڈیوٹی فی الفور واپس لے اور پٹرول کی قیمتوں میں کم از کم 10 روپے لیٹر کمی کا اعلان کرے۔ اجلاس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور عوامی تحریک کی ملک بھر میں تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت گندم خریداری مہم کو اپنی جماعت کی سیاست سے الگ کرے اور گندم کے کاشتکاروں کو میرٹ پر باردانہ تقسیم کیا جائے اور محکمہ خوراک کے عملہ کی رشوت ستانی اور بدتمیزی کو ختم کیا جائے۔ پنجاب حکومت گندم خریداری کے ٹارگٹ میں کم از کم ایک ملین ٹن اضافہ کرے اور پاسکو بھی خریداری کا ٹارگٹ 2 ملین تک بڑھائے۔ اجلاس میں ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، حنیف چودھری، قاضی فیض، خان عبدالقیوم خان، حاجی محمد اسلم، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر مشتاق، رانا ادریس، راجہ زاہد، احمد نواز انجم، جواد حامد، سید امجد علی شاہ، فرح ناز، راضیہ نوید، عائشہ شبیر، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، شعیب طاہر، عرفان یوسف، رفیق نجم، طیب ضیاء غلام مرتضیٰ علوی، راجہ وقاص و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top