پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ’’ون فیملی شو‘‘ چل رہا ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 06 مئی 2015ء

سیاسی آلہ کار بننے سے انکار پر نیکو کارا کے بعد آفتاب چیمہ کے خلاف کارروائی ہورہی ہے
عوامی تحریک کے اجلاس میں حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی مذمت

لاہور (6 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دھرنے کے دوران سیاسی آلہ کار بننے سے انکار پر ایس ایس پی اسلام آباد نیکوکارا کے بعد آفتاب چیمہ کے خلاف انتقامی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکمران فرعون نہ بنیں، پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ’’ون فیملی شو‘‘ چل رہا ہے، قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں جواد حامد، سہیل رضا، شہزاد رسول و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا حکومت کے ان فسطائی ہتھکنڈوں اور افسران کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے باعث سول بیوروکریسی کو دھمکایا جارہا ہے کہ اگر حکومت کے ہر جائز، ناجائز حکم پر عمل نہ کیا گیا تو انہیں نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے انہوں نے کہا کہ نیکوکارا کو نہتے شہریوں پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کرنے کا حکم نہ ماننے پر نوکری سے نکالا گیا اور آفتاب چیمہ کو محض چھٹی کی درخواست دینے پر ٹرائل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اپنے اسی غیر قانونی اور فسطائی ہتھکنڈوں کی وجہ سے 12 اکتوبر 1999 کے دن جیلوں میں گئے اور انہوں نے اپنے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اب پھر دوبارہ جیلوں میں جانے والی حرکتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن افسران نے غیر قانونی احکامات پر عمل کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کا خون بہایاانہیں ڈبلیو ٹی او میں سفیر لگادیا گیا اور قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top