وزیر خزانہ نے جی ایس ٹی میں اضافہ اور بیرونی قرضے لینے کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 11 مئی 2015ء

حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر تیار کر لیا ہے
آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات کرنے کا ریکارڈ بھی وزیر خزانہ نے اپنے نام کر لیا
پاکستان اندرونی، بیرونی ملکوں کا 17 ہزار ارب اور ہر شہری ایک لاکھ کا مقروض ہو گیا‎

لاہور (11 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس ریکارڈ کے مطابق پاکستان اندرونی، بیرونی ملکوں کا 17 ہزار ارب اور ہر شہری ایک لاکھ روپے کا مقروض ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات کا مطلب معیشت کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں آئی ایم ایف کے حکم پر وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کی اوگرا کی سمری مسترد کی اور بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی حامی بھری، آئندہ چند روز میں قوم مہنگائی کی نئی لہر کاسامنا کرے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکمران کشکول توڑنے کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے مگر کشکول توڑنے کی بجائے انہوں نے اسکا سائز بڑا کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے 2سالوں میں ساڑھے 5ارب ڈالر بیرونی قرضہ اور 2ہزار ارب روپے کا اندرونی قرضہ لیا جو پاکستان کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ ہے۔ اسحاق ڈار نے بہت سارے ریکارڈ قائم کر لیے ہیں ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یہ واحد ہونہار اور باتدبیر وزیرخزانہ ہیں جنہوں نے 2سال کے مختصر عرصہ میں سب سے زیادہ جی ایس ٹی نافذ کروانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ پاکستان خطہ ہی نہیں دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ڈیزل کی فی لیٹر قیمت پر 37فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے اور ایک سال میں 5 بار منی بجٹ لانے کا ریکارڈ بھی اسحاق ڈار نے قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کی 2سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی جسے حتمی شکل دیدی گئی ہے۔‎

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top