بزدل سیاسی قیادت دہشتگردوں کے مکمل صفایا کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے: ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 14 مئی 2015ء

دہشتگردی کے مسلسل واقعات سے ثابت ہوگیا دہشتگرد جاگ اور حکمران سو رہے ہیں‎
فوج کو دہشتگردی کی جنگ میں مصروف کر کے حکمرانوں نے ٹھیکے داری شروع کردی، ٹیلیفونک گفتگو
سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دہشتگرد خون کے ہولی کھیل چکے‎  ہیں
بیرون ملک مقیم پاکستانی، تاجراور مختلف شعبوں کے ماہرین ملکی حالات پر دل گرفتہ ہیں‎

لاہور (14 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل، کرپٹ اور بزدل سیاسی قیادت دہشتگردوں کے مکمل صفایا کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ 17 دسمبر 2014 کے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات سے ثابت ہو گیا کہ دہشتگرد جاگ رہے ہیں اور حکمران سو رہے ہیں۔ سانحہ کراچی صفورا چورنگی اپنی نوعیت کی بدترین دہشتگردی ہے جس وقت لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں ہسپتالوں میں پہنچارہے تھے اس وقت وزیراعظم دعوت اڑارہے تھے۔

گزشتہ روز مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد قوم توقع کررہی تھی کہ اب حکمرانوں کی ساری توجہ دہشتگردی کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر ہوگی مگر فوج اور ذیلی اداروں کو دہشتگردی کی جنگ میں مصروف کرکے حکمرانوں نے ٹھیکہ داری شروع کر دی۔ ٹھیکے دار حکمرانوں کو عوام کے جان و مال سے کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، شکارپور اور چمن سمیت ہر اہم شہر میں دہشتگردوں نے 8 سے زائد واقعات میں خون کی ہولی کھیلی اور باآسانی فرار ہوگئے۔ اس وقت عوام کا حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور وہ شدید اشتعال میں ہیں، بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی، تاجر اور مختلف شعبوں کے ماہرین ملکی حالات پر دل گرفتہ ہیں، قدم قدم پر حکمرانوں کی نااہلی ملک اور قوم کو کامیابی کی منزل سے دور کررہی ہے اور حکمرانوں کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ وہ طفل تسلیوں اور زبانی جمع خرچ کے ذریعے وقت نکال رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزررہا ہے اور اس کی قیادت مشکوک مینڈیٹ رکھنے والی بزدل قیادت کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹھیکے داری اور کمیشن خوری ترک کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top