ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن نصاب پیش کر کے انسانیت کی خدمت کی : عوامی تحریک

مورخہ: 24 جون 2015ء

ویژن سے محروم سیاسی لیڈر شپ نے پاکستان کو انتہا پسندی کی دلدل میں دھکیلا
بندوق کے ساتھ ساتھ قلم کے موثر استعمال سے ہی انتہا پسندی جڑ سے ختم ہو گی
نوجوانوں کو سیاست کیلئے استعمال کرنے والوں نے ان کی فکری نشونما کو نظر انداز کیا
سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر، سردار آصف احمد علی، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور کا اظہار خیال

لاہور (24 جون 2015) ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن نصاب پیش کر کے انسانیت کی عظیم خدمت کی۔ بندوق کے ساتھ ساتھ قلم کے موثر استعمال سے ہی انتہا پسندی اور دہشتگردی جڑ سے ختم ہو گی۔ امن نصاب سے نوجوانوں کو گمراہ اور خارجی عناصر سے بچانے میں مدد ملے گی۔ نوجوانوں کو سیاست کیلئے استعمال کرنے والوں نے ان کی فکری نشونما کو نظر انداز کر کے قومی جرم کیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی، سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر، مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے گزشتہ روز امن نصاب پیش کیے جانے کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر نے کہا کہ ویژن سے محروم سیاسی لیڈر شپ کی بزدلی اور ناعاقبت اندیشی نے پاکستان کو انتہا پسندی کی دلدل میں دھکیلا، قومی ایکشن پلان کے تحت امن نصاب کی تیاری کا کام حکومت کی ذمہ داری تھی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سلیوٹ کے مستحق ہیں، انہوں نے وہ کام اپنی مدد آپ کے تحت کیا جو حکومت کے کرنے کا تھا مگر دہشتگردی کا خاتمہ اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کا تحفظ حکومت کی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں۔

سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا کہ پاکستان کو آج بھی جس سے خطرہ ہے وہ مذہبی انتہا پسندی ہے، مگرافسوس حکمران اس فتنہ سے نمٹنے کی بجائے سیاسی کھیل تماشے میں مصروف ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف مدلل فتویٰ دیکر دہشتگردوں کے باطل نظریات کو رد کیا اب ان کا امن نصاب دہشتگردی کے خلاف سول تحریک کی بنیاد بنے گا اور نوجوانوں کو دہشتگردوں سے بچانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ فوج کی بندوق اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا قلم دہشتگرد عناصر کا صفایا کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جذباتی سطح پر دہشتگردی کے خارجی فتنہ کے خلاف لڑا گیا مگر اس فتنہ کی سرکوبی کیلئے قرآن و سنت سے دلائل اور رہنمائی کی ضرورت تھی یہ دلائل ڈاکٹر طاہرالقادری نے بیماری اور علالت کے باوجود انتہائی عرق ریزی سے جمع کر کے قوم کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے امن نصاب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کے ایجنڈے پر ہے کیونکہ حکمران چاہتے ہیں کہ وہ کسی نہ کسی طرح اپنے 5سالہ عرصہ اقتدار کو مکمل کر لیں مگر ڈاکٹر طاہرالقادری نے تمام تر نامساعد حالات کے باوجود امن نصاب دیکر آئندہ نسلوں کی فکری رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے علمی سطح پر جو کارہائے نمایاں انجام دیا ہے اس کے ثمرات سے ہر جماعت، ہر شہری اور ہر طبقہ مستفید ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top