منہاج ویمن لیگ کے شہر اعتکاف میں ہزاروں خواتین شریک ہیں:فرح ناز

خواتین کی سکیورٹی، قیام و طعا م، عبادات، تربیتی لیکچرزکے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں
انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے خواتین کی اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق تربیت ناگزیر ہے
ڈاکٹرطاہرالقادری کے اسلامی موضوعات پر خطابات نے ہماری زندگیاں بدل دیں:راضیہ نوید
اعتکاف کمیٹی کی عہدیداران سدرہ کرامت، گلشن ارشاد، عائشہ مبشر کی خصوصی گفتگو

لاہور (9 جولائی 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر، اعتکاف کمیٹی برائے خواتین کی سربراہ فرح ناز نے شہر اعتکاف میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال آسٹریلیا، سپین، لندن کے ساتھ ساتھ اندرون ملک سے ہزاروں خواتین انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ شہر اعتکاف کا حصہ بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافت اور سیاست سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ نامور خواتین کو دعوت دیتی ہیں کہ وہ شہر اعتکاف میں آ کر اعتکاف کی بابرکت ساعتوں اور پرنور مناظر کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آبادی کا 52فیصد ہیں مگر سوسائٹی کو پرامن اور تہذیب یافتہ بنانے کے حوالے سے ان کا کردار اور ذمہ داری 100فیصد ہے جب خواتین کی قرآن کے زریں اصولوں کے مطابق تعلیم و تربیت نہیں ہو گی تو پرامن اور خوشحال سوسائٹی کی تشکیل کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خواتین کی قرآن و سنت اور جدید عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کا باوقار ماحول فراہم کر کے اسلام، پاکستان اور انسانیت کی عظیم خدمت کی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر رہنما راضیہ نوید نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے اسلامی موضوعات پر خطابات تحقیقی کتب اور مقالہ جات نے ہماری زندگیاں بدل دیں اور خواتین کو اللہ اور اسکے رسول کے احکامات کے تابع زندگی بسر کرنے کی ترغیب دی۔ ہمیں خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اسلامی خدمات کا ہر جگہ اعتراف کیا جاتاہے اور ہمارے گھر والے پورے اعتماد اور خوشی کے ساتھ 10دن کیلئے ہمیں شہر اعتکاف کا حصہ بننے کی اجازت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کو ہمارے سروں پر صحت و تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔ انتظامی کمیٹی کی عہدیداران سدرہ کرامت، گلشن ارشاد، عائشہ مبشر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بظاہر ایک اسلامی معاشرہ ہیں مگر اسلامی تعلیم و تربیت کے محدود مواقع کی وجہ سے خواتین اسلام کی حقیقی تعلیمات سے بہرہ مند نہیں ہو پاتیں جسکے مضر اثرات پوری سوسائٹی بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتہا پسندی، غربت، جہالت سے پاک کرنے کیلئے اور اسے میانہ رو اور اعتدال پسند سوسائٹی کے قالب میں ڈھالنے کیلئے خواتین کی اسلام کے اصولوں اور جدید عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت ناگزیر ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں خواتین کی تعلیم و تربیت کا سب سے بڑا مرکز تحریک منہاج القرآن اور اسکے زیر اہتمام چلنے والے سکول، کالجز، تربیتی ادارے ان تقاضوں کو پورا کر رہے ہیں اور یہاں سے تعلیم و تربیت حاصل کرنے والی خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا باوقار انداز میں مظاہرہ کر رہی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top