حکومتی رمضان بازار اور اتوار بازار غریب عوام کیلئے خوار بازار ثابت ہو رہے ہیں

مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے
مہنگائی پر قابو پانے کیلئے قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے سرکاری سطح پر کوئی نظام نہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا عوام کو حقوق دینے کا ہے، انقلاب کے بعد عوام مقتدر اور ظالم جیل میں ہونگے‎
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور خرم نواز گنڈا پور کی شہر اعتکاف میں جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ہمارے ملک کا سب سے بڑا بحران بن چکے ہیں۔ حکمرانوں نے رمضان المبارک میں سحری و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا دعویٰ کیا جو صرف دعویٰ ہی ثابت ہوا اور اس مبارک مہینے میں بجلی بحران میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی رمضان بازار اور اتوار بازار غریب عوام کیلئے خوار بازار ثابت ہو رہے ہیں۔ اتوار بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی بجائے گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں بڑھاتا جا رہا ہے۔ متوسط اور غریب طبقہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے سرکاری سطح پر کوئی نظام نہیں ہے حکومتی وزرا خود ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی میں ملوث ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کے پاس کچھ نہیں۔ دونوں رہنما شہر اعتکاف میں فیاض وڑائچ کی قیادت میں آئے جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مشتاق نو ناری ایڈووکیٹ، راجہ ندیم، راجہ زاہد، سیف اللہ سدوزئی و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی بحران میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے غیر ملکی سر مایہ کاری میں خطرناک حد تک کمی ہوتی جا رہی ہے۔ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے۔ بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے لیکن اس اہم ترین مسئلہ کا حل نام نہاد دو سالہ جمہوری حکومت کے’’سنہری جمہوریت کے اصولوں‘‘ میں نہیں آتا۔ عوام اور ملکی بقا کیلئے میٹرو بس، اورنج ٹرین جیسے منصوبے پس پشت ڈال کر ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دینا چاہیے تھا تا کہ ملک وہ خوشحالی حاصل کر سکتا جو پوری قوم کا خواب ہے۔ موجودہ حکمران کرپشن، نا اہلیت او ر آمرانہ رویوں کی وجہ سے اس قوم کو تباہی اور بھیانک مستقبل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ عوام دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو ملکی مفادات کی سر عام نیلامی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے مضبوط کردار ادا کرنا ہو گا، جس ملک میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی نہ ہو، نہ عدل و انصاف اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہووہاں بد امنی اور مایوسی کے سوا کیا ہو سکتا ہے۔ معاشرے میں اس شکست اور مایوسی کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ شہدا ئے ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے جلد لٹیرے حکمران خس و خاشاک کی طرح بہتے نظر آئینگے، مصطفوی انقلاب آکر رہے گا۔ عدل و انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا عوام کو حقوق دینے کا ہے، انقلاب کے بعد عوام مقتدر اور ظالم جیل میں ہونگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top