عوامی تحریک پنجاب کا اجلاس، قصور سکینڈل کے بعد وزیراعلیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

مورخہ: 10 اگست 2015ء

وزیراعلیٰ پنجاب مستعفی ہو کر میٹرو بس کے ایم ڈی بن جائیں، صوبہ چلانا ان کے بس میں نہیں رہا
ضلعی تنظیموں کو ن لیگ کے سوا ء ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اجازت
اجلاس کی صدارت صوبائی صدر بشارت جسپال نے کی، ضلعی تنظیموں کو ہفتہ آزادی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت

لاہور (10 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی صوبائی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ قصور سکینڈل کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مستعفی ہو کر میٹر و بس کے ایم ڈی بن جائیں صوبہ چلانا ان کے بس میں نہیں رہا۔ اجلاس میں قصور سکینڈل کے 48 گھنٹے کے بعد بھی وزیراعلیٰ کی طرف سے مظلوم خاندانوں سے ملاقات نہ کرنے کی مذمت کی گئی اور کیس فوجی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں پینل تشکیل دینے، مختلف سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ، ہفتہ آزادی تقریبات منانے کے ایجنڈے پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، خان قیوم ایڈووکیٹ، نائب صدر راجہ زاہد، ملک باسط، میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، آصف سلہیریا ایڈووکیٹ، سید شاہد شاہ، اطہر عباس چٹھہ نے شرکت کی۔ بشارت جسپال نے سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع کی تنظیموں کے صدر کو ہدایت کی کہ وہ قائدعوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق ہفتہ آزادی جوش و خروش سے منائیں اور عوامی تحریک کے دفاتر میں سیمینارز کا اہتمام کریں اور ان سیمینارز میں عمائدین شہر اور مختلف سماجی تنظیمات کے عہدیداروں اور ذمہ داروں کو بطور خاص مدعو کریں۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سنٹرل پنجاب کے ضلعی صدور کو پالیسی لائن دی گئی کہ ن لیگ کے سوا دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے اور ہر فیصلے کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ کو باخبر رکھا جائے۔ جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے ایک قرارداد کے ذریعے فروغ امن اور انسداد دہشتگردی کا نصاب پیش کرنے پر قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا اور فروغ امن و انسداد دہشتگردی کے نصاب کے حوالے سے ضلعی تنظیموں کو خصوصی نشستیں منعقد کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top