اقلیتیں قومی جسم کا حصہ ان کے بغیر خوشحال معاشرہ کا قیام ناممکن ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 11 اگست 2015ء

11 اگست کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اقلیتوں کو براہ راست انتخاب کا آئینی حق دلوانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا
موجودہ دور میں اقلیتوں سے ان کے حقوق اور قیمتی پراپرٹی چھینی گئی، آئین میں اقلیتوں سے امتیاز کی اجازت نہیں
اقلیتیں دل چھوٹا نہ کریں ہم ان کے ساتھ ہیں، ن لیگ کے ظالمانہ اقتدار کا خاتمہ قریب ہے، اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام

لاہور (11 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اقلیتیں قومی جسم کا حصہ ہیں ان کے شہری حقوق برابر ہیں اور ان کے بغیر خوشحال اور پرامن معاشرہ کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے 11اگست کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اقلیتوں کو براہ راست انتخاب کا آئینی حق دلوانے کیلئے پنجاب حکومت کے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2015 ء کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ نے 11اگست 1947 ء کے دن قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس سے تاریخی خطاب کے دوران کہا تھا No Discrimination no distinction between one community and another انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے یہ ویژن قرآن اور احادیث مبارکہ سے لیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے یہ کہہ کر کہ سو تمہارا دین تمہارے لیے اور میرا دین میرے لیے ہے، جبر اور زبردستی کی ممانعت کر دی۔ انہوں ں نے کہا کہ نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اگر کسی نے اقلیتی فرد کا حق غصب کیا یا اسکی رضا کے بغیر اس سے کوئی چیز لی تو قیامت کے دن میں اس کی طرف سے جھگڑوں گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 1973 کے آئین کا آرٹیکل 4,9,14,15,16 اور 25 ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر اس کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کی پامالی حکومتی ایوانوں کی طرف سے ہوتی ہے اور اس کا پس منظر سیاسی ہوتا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک قرآن و سنت، آئین پاکستان اور قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی 11 اگست 1947 ء کی تقریر کی روشنی میں اقلیتوں کو برابر کا انسان اور شہری سمجھتی اور تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے حوالے سے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ عوامی تحریک نے ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر ابہام سے پاک موقف اختیار کیا ہے اور اقلیتوں کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ن لیگ کے دور حکومت میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور معاشی انتہا پسندی کو فروغ ملا اور بالخصوص اقلیتوں کے ساتھ ماورائے آئین و قانون سلوک ہوا، سانحہ گوجرہ، سانحہ سمبڑیال، سانحہ جوزف کالونی، سانحہ کوٹ رادھا کشن، سانحہ باہمنی والا قصور ہوا اور ہر سانحہ کے پیچھے حکمران جماعت کے عہدیداروں، اراکین اسمبلی اور حکمرانوں کی ماتحت پولیس کا گھناؤنا کردار نظر آیا اور آج تک کسی ماسٹر مائنڈ کو اس کے جرم کی سز انہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں مشن کی پراپرٹیز چھینی گئی اور قیمتی زمینوں پر قبضے ہوئے، ان کا استحصال کیا گیا، یہاں تک کہ آزادی کے مہینے میں خلاف آئین آرڈیننس جاری کر کے اقلیتوں کو براہ راست انتخاب کے حق سے محروم کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں دل چھوٹا نہ کریں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ن لیگ کے ظالمانہ اقتدار کا خاتمہ قریب ہے، اقلیتوں کو آئین اور قائداعظم کے ویژن کے مطابق ان کے حقوق دلوائیں گے اور اقلیتوں کی قیمتی پراپرٹیز جس پر حکومتی ایماء پر قبضے ہوئے انہیں واگزار کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سمجھتی ہے کہ اقلیتوں کے تعاون کے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی صف میں کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top