کسانوں کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے:عوامی تحریک پنجاب

مورخہ: 21 اگست 2015ء

کسانوں نے کھیتی باڑی چھوڑ دی تو کارخانوں کی چمنیوں سے بھی دھواں نکلنا بند ہو جائے گا
پاکستان کی معیشت کا انحصار کسانوں کی محنت پر ہے: بشارت جسپال، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ

لاہور (21 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ کسانوں کے مسائل جائز ہیں اور پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے۔ پنجاب ہی نہیں پاکستان کی معیشت کا انحصار بھی کسانوں کی محنت پر ہے۔ جس دن کاشتکاروں نے کھیتی باڑی چھوڑ دی تو ملکی معیشت کا پہیہ جام ہو جائے گا اور کارخانوں کی چمنیوں سے بھی دھواں نکلنا بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسان دو روز سے پنجاب کے سب سے بڑے منتخب ایوان کے سامنے سراپا احتجاج ہیں مگر وزیراعلیٰ پنجاب کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مداخل پر جی ایس ٹی کا خاتمہ کیا جائے۔ کھاد، بیج سستے اور کسانوں کو 5روپے فی یونٹ بجلی دی جائے۔ چاول کی خریداری پالیسی کا اعلان کیا جائے اور حکومت پنجاب کی طے شدہ پالیسی کے مطابق گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں کی جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ساجد بھٹی نے پنجاب حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں اور رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی بات سنے اور ان کے مسائل حل کیے جائیں۔کسانوں کے خلاف پولیس فورس استعمال کی گئی یا ڈنڈے کے ذریعے کسانوں کو حراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان عوامی تحریک کے کارکن کسانوں کے ساتھ کھڑے ہو کر حکومتی مظالم کا مقابلہ کرینگے اور کسانوں کا ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ہر اس جگہ جائینگے جہاں ظلم ہو گا اور حکومت اب کسانوں کے ساتھ ظلم کررہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top