ن لیگ ٹربیونلز کے ججز پر حملے کر سکتی ہے، سیکیورٹی بڑھائی جائے، خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 26 اگست 2015ء

جعلی نظام اور جعلی مینڈیٹ بے نقاب ہو گیا، مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب

لاہور (26 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہاہے کہ ن لیگ کے مینڈیٹ کی اصلیت سامنے آ گئی ڈر ہے کہ ن لیگ اپنی سیاسی روایات کے مطابق ججز اور عدالتوں پر حملے شروع نہ کر دے، ایپکس کمیٹیوں سے کہتے ہیں کہ وہ عدالتوں اور ججز کی سیکیورٹی کو بڑھا دیں۔ ن لیگ کی طرف سے سپریم کورٹ اور ججز پر حملے ابھی کل کی بات ہے۔ کابینہ میں بیٹھا ہوا قتل کا نامزد ملزم ججز کو دھمکیوں دے رہا ہے، وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد مشاورتی اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے، اجلاس میں، چیف کوارڈینیٹر محمد سعید راجپوت حنیف چودھری، احمد نواز انجم، فرح ناز، ساجد بھٹی، جواد حامد، راجہ زاہد، شہزاد رسول، سہیل رضا، راجہ ندیم و دیگر موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ جعلی نظام اور جعلی مینڈیٹ بے نقاب ہو گیا، ن لیگ 3یا 4حلقوں کی بجائے ہر حلقے کے عوام سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 28ماہ قبل انتخابی نقائص کی نشاندہی کی تھی جسے بوجوہ نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوریت پر عوام کا اسی لئے اعتماد نہیں ہے کہ اس کے تحت جعلی مینڈیٹ والے امیدوار منتخب ہو کر آتے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ 3حلقوں میں تحریک انصاف کو سیاسی فتح ملی ہے تاہم وہ تین حلقوں تک محدود نہ رہے، انتخابی گند صاف کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے لاکھوں عوام کے ہمراہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا تھا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، پنجاب میں انتخابی مہم شروع کر دی ہے، انہوں نے کہاکہ ہر یونین کونسل سے ہمارے امیدوار حصہ لیں گے، پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10نکاتی انقلابی ایجنڈے کی روشنی میں انتخابی مہم چلائے گی، انہوں نے کہاکہ لاہور میں حکمران جماعت کو ٹف ٹائم دیں گے، عوام ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top