ڈاکٹر طاہرالقادری علیل ہو گئے، معالجین کی ہدایت پر ملاقاتیں اور یونان، جرمنی کے دورے منسوخ

مورخہ: 28 اگست 2015ء

ایک ہفتہ قبل CYST کی سرجری ہوئی، مسلسل سفر کے باعث انفیکشن ہو گیا، آسٹریا کا دورہ ادھورا چھوڑ کر علاج کیلئے ڈنمارک روانہ
ملاقاتیں نہیں کر سکیں گے، آئیندہ کی مصروفیات کا آغاز مکمل صحت یابی کے بعد ہوگا، رفقاء جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں

Shaykh-ul-Islam Dr Muhammad Tahir-ul-Qadriلاہور (28 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری جو فروغ امن نصاب کی تقریب رونمائی کے سلسلہ میں بارسلونا سے گزشتہ روز آسٹریا پہنچے تھے، فرانس، نیدر لینڈ اور سپین میں تنظیمی مصروفیات اور مسلسل سفر کے باعث علیل ہو گئے ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں تمام مصروفیات ختم کر کے چیک اپ اور آرام کا مشورہ دیا ہے۔ علالت کے باعث قائد تحریک طے شدہ شیڈول کے مطابق یونان اور جرمنی کا دورہ نہیں کر سکیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک کی گزشتہ ہفتہ پیرس کے نجی ہسپتال میں cyst کی سرجری ہوئی تھی اور وہ Ejection Fraction کے حوالے سے بھی زیر علاج ہیں۔ مسلسل سفر اور مصروفیات کے باعث سرجری کازخم مندمل نہ ہو سکا اور اس میں انفیکشن ہو گیا ہے۔ آسٹریا میں ڈاکٹرز کی طرف سے ابتدائی معائنہ کے بعد انہیں مصروفیات ختم کرنے اور مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ڈاکٹر ز کی ہدایت کے مطابق آسٹریا کا دورہ ختم کر کے ڈنمارک کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں علاج معالجہ کی مناسب سہولتیں دستیاب ہونے کے باعث وہ مکمل صحت یابی تک قیام کریں گے۔ ان کے معا لجین نے سفر، تنظیمی سرگرمیوں اور مکمل صحت یابی تک انہیں ملاقاتوں سے بھی روک دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اوورسیز کے رہنما بلال اوپل نے آسٹریا، ڈنمارک اور دیگر ممالک کے تحریکی رہنمائوں اور رفقاء سے استدعا کی ہے کہ قائد تحریک کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ قائد تحریک ڈاکٹرز کی ہدایت اور علالت کے باعث مزید سفر اور ملاقاتیں نہیں کر سکیں گے اور علالت کے باعث ان کیلئے یونان اور جرمنی کا سفر بھی ممکن نہیں رہا۔ مکمل صحت یابی کے بعد آئیندہ کی تنظیمی مصروفیات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top