سوشل میڈیا آزادی اظہار کا طاقتور ذریعہ بن چکا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماؤں پر مشتمل سوشل میڈیا کوآرڈینیشن کونسل قائم کر دی گئی ہے
کونسل ہزاروں والنٹیئرز کی آن لائن تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرے گی، چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (3 ستمبر 2015) منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا آزادی اظہار یا کسی بھی تحریک کے پروگرام کے ابلاغ کا طاقتور ترین ذریعہ بن چکا ہے۔ اس کا استعمال جتنا نتیجہ خیز ہے اتنا خطرناک بھی ہے۔ لہٰذا سوشل میڈیا کے مثبت اور موثر استعمال کیلئے سوشل میڈیا کوآرڈینیشن کونسل قائم کی جارہی ہے جو تحریک سے وابستہ ہزاروں والنٹیئرز کی آن لائن تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرے گی اور انہیں وقتاً فوقتاً پالیسی گائیڈ لائن دی جاتی رہے گی۔ سوشل میڈیا کوآرڈینیشن کونسل میں عامر یوسف چودھری، تنویر خان، قاضی فیض السلام، محمد فاروق رانا، نوراللہ صدیقی، احسن ارشاد، شعیب خان، راشد شہزاد، شامل ہیں۔ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی اوورسیز تنظیموں کے رہنما بھی سوشل میڈیا کوآرڈینیشن کونسل سے رابطے میں رہیں گے۔ کونسل کا باضابطہ نوٹیفکیشن سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گزشتہ روز جاری کر دیا ہے۔ کونسل کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ سوشل میڈیا سے وابستہ تحریکی ممبران انتہا ئی شائستگی کے ساتھ اپنا تحریکی پروگرام سوشل میڈیا پر پیش کریں۔ کسی بھی ایشو پر حالات کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں لیکن تنقید اور اپنا نقطہ نظر پیش کرتے وقت باوقار رہیں اور سوشل میڈیا کی دنیا میں اپنے لیے احترام کے جذبات پید اکریں۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہمارے سوشل میڈیا سے وابستہ ہزاروں والنٹیئرز نوجوان جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل ہے وہ پہلے ہی اسلام کے پرامن تشخص، پاکستان کی آئیڈیالوجی، حقیقی جمہوریت کے فروغ اور ظالمانہ سیاسی سماجی رویوں کے خلاف اپنا بھرپورقومی و ملی کردار ادا کررہے ہیں اس کردار کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے سوشل میڈیا کوآرڈی نیشن کونسل تشکیل دی گئی ہے جو ممبران کی ٹریننگ کے حوالے سے ورکشاپس کا اہتمام کرے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top