پاکستان شہداء کی امانت، آپریشن ضرب عضب قوم کا عزمِ امن ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

جنگ ستمبر کے بعد قوم پہلی بار دہشتگردوں کے خلاف یکجان ہوئی ہے
جنگ ستمبر کے شہداء نے جانیں دے کر ملک کا دفاع اور قوم کو متحد کیا
عوامی تحریک کے وفود باٹا پور اور 8 شہروں میں شہداء کے مزارات پر جائینگے

لاہور (5 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان شہداء کی امانت ہے اور آپریشن ضرب عضب قوم کا عزمِ امن ہے، جنگوں میں اسلحہ نہیں قوموں کا جذبہ لڑتا ہے اوریہ جذبہ ستمبر 1965 ء کی جنگ میں پوری دنیا نے دیکھا اور پاکستان کے محب وطن عوام اور افوا ج پاکستان کے جانثار افسران اور جوانوں نے یکجان ہو کر اپنے سے کئی گنا بڑی فوج کو شکست فاش دی اور وطن پر قربان ہونے کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام جب کوئی عزم کر لیتے ہیں تو پھر دنیا کی کوئی طاقت ان کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتی، پاکستان کے عوام نے جنگ ستمبر 1965 ء کے بعد پہلی مرتبہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم کیا ہے اور انشاء تعالیٰ دنیا دیکھے گی کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ ہم مختصر ترین عرصہ میں جیتنے کا ریکارڈ قائم کرنے والا ملک ہونگے اور اس پاک سرزمین سے اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک وجود کا صفایا کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965 ء میں جس طرح قوم نے متحد ہو کر پاکستان کا دفاع کیا تھا آج تعمیر پاکستان کے مرحلہ پر اسی اتحاد اور قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کا ایک وفد آج (6 ستمبر) مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور کی قیادت میں باٹا پور میں شہداء کی یادگار پر جائے گا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی جائینگی۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کے مطابق یوتھ ونگ کے وفود آج 6ستمبر پاکستان کے 8شہروں میں شہداء کے مزارات پر جائینگے اور پھولوں کی چادریں چڑھائینگے۔ یہ رہنما گجرات، بورے والا، صوابی، کراچی، راولپنڈی، لاہور، گلگت بلتستان اور گوجر خان میں میجر عزیز بھٹی شہید، میجرطفیل محمد شہید، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، پائلٹ راشد منہاس شہید، لانس نائیک محمد محفوظ شہید، میجر شبیر شریف شہید، کیپٹن راجہ محمد سرور حسین شہید، حوالدار لالک خان شہید، سوار محمد حسین شہیداور میجر محمد اکرم شہید کے مزارات پر جائینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top