نام نہاد جمہوری دور میں پولیس اور حکومتی ادارے عوام پر ظلم ڈھا رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ، ڈاکٹرز پر تشدد اور تاجروں سے جبری ٹیکس کی وصولی لاقانونیت ہے
پارلیمنٹ یا کوئی ادارہ کام کر رہا ہوتا تو آرمی چیف کو خط نہ لکھے جاتے، گفتگو

لاہور (9 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف پر پولیس کا تشدد قابل مذمت اور افسوسناک واقعات ہیں۔ نام نہاد جمہوری دور میں پولیس اور حکومتی ادارے انسانیت کی تذلیل کر رہے ہیں اور ہر طبقہ اپنے حق اور تحفظ کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہے اور یہ سب کچھ حکمرانوں کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کراچی میں آفتاب عالم سمیت دو صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ وہ گذشتہ روز ڈنمارک سے ٹیلی فون پر مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، تاجر اور صحافی اپنے حق کیلئے سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے اور کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ حکمران خزانہ لوٹنے، ڈھونگ منصوبے دینے، سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے اور مراعات لینے تک محدود ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور فعال میڈیا پاکستان کی واحد کامیابی ہے جو حکمرانوں اور دہشتگردوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی پسماندہ طبقات کی آواز اور انصاف کی واحد امید ہیں، انہیں تحفظ دیا جائے اور آفتاب عالم کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کامیاب ہڑتال پر تاجروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جب تک ظلم کا شکار طبقات ظالم نظام اور قاتل حکمرانوں کے خلاف اکٹھے ہو کر سڑکوں پر نہیں نکلیں گے، ظلم نہیں رکے گا اور جبری ٹیکس وصولی جاری رہے گی۔ سربراہ عوامی تحریک نے تاجر برادری کی طرف سے اپنے مطالبات کیلئے آرمی چیف کو لکھے جانے والے خط پر کہا کہ پارلیمنٹ اورملکی ادارے اپنا کام کر رہے ہوتے تو عوام کسی اور طرف نہ دیکھتے۔

سربراہ عوامی تحریک نے اسلام آباد میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پڑھے لکھے ڈاکٹروں کی توہین پر دلی دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹرز کے دکھ کو سمجھتے ہیں کیونکہ ہمارے کارکن بھی پولیس کی گولیوں، لاٹھیوں اور بربریت کا سامنا کر چکے ہیں یہ سارا ظلم ان قاتل اور سفاک حکمرانوں کے اشارے پر ہورہا ہے جب تک یہ جعلی جمہوریت مسلط رہے گی پڑھے لکھے ڈاکٹرز اور سوسائٹی کے دیگر طبقات کی تذلیل نہیں رکے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق سربراہ عوامی تحریک ڈنمارک کے نجی ہسپتال سے گھر منتقل ہو گئے ہیں تاہم ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق مکمل صحت یابی تک وہ اپنی معمول کی مصروفیات کا آغاز نہیں کر سکیں گے اور مکمل آرام کر رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top