نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چلنا ہے۔ رانا محمد ادریس

دین اسلام کی سر بلندی کیلئے ممکنہ کاوش کی جائے کہ یہی طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے

لاہور (9 ستمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چلنا ہے جو احسن الطریق ہے۔ انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تعمیر کعبہ کے وقت کی گئی دعا کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پانچ اجزاء نسب محمدی کا حصول، تلاوت قرآن مجید، احکام قرآن کا علم و ادراک، حکمت دین کا حصول اور تزکیہ نفس پر مشتمل ہے۔ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عشق و محبت مصطفی کے بغیر نہ دین کی سمجھ آتی ہے اور نہ ہی اس پر عمل کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں علما کی فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ ظہیر نقشبندی، علامہ اعجاز ملک، شکیل ثانی، علامہ لطیف مدنی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ میر آصف اکبر و دیگر علما کرام بھی موجود تھے۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ تلاوت قرآن مجید اور احکام قرآن کا جاننا انکا فہم اور تدبر حاصل کرنا، فہم قرآن کے ذریعے دینی بصیرت و حکمت حاصل کرنا اور دین پر عمل پیرا ہو کر اپنے نفس کا تذکیہ کرنا ہی راہ نجات ہے۔ جب انسان تزکیہ نفس کی منزل کو پا لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق وہ انسان بندہ ربانی بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا فہم دین رکھنے والے اس عالم ربانی کا مقام محض عالم کتاب سے کہیں بلند ہوتا ہے۔ عالم ربانی بننے کیلئے اللہ والوں کی صحبت اختیار کرنا اچھی محافل میں شرکت اور دینی ماحول کو اپنانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے علماء کو زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو مقصد بعثت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے اسوہ حسنہ پر چلتے ہوئے دین پر عمل کے ساتھ راہ استقامت بھی اختیار کرنی چاہیے۔ دین اسلام کی سر بلندی کیلئے ممکنہ کاوش کی جائے کہ یہی طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کا ان کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اور اسلاف سے تعلق محبت کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ اس لئے موجودہ دور میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ محبت صحابہ اور اللہ والوں کی محبت کی بھی اشد ضرورت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top