قوم کو نو کرپشن، نو ٹیرارزم کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا، نور اللہ صدیقی

حکومت آڈیٹر جنرل کو نندی پور منصوبہ کی شفاف انکوائری نہیں کرنے دیگی، عوامی تحریک
بجلی کے منصوبوں میں ہونے والی کرپشن پر پوری قوم کی نظر ہے، کمیشن قائم کیا جائے
22 ارب کا منصوبہ 58 ارب میں مکمل کرکے ٹھیکہ پر دینا دوہری کرپشن ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات

لاہور (14 ستمبر 2015) نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات آڈیٹر جنرل پاکستان کی بجائے جوڈیشل کمیشن سے کروائی جائے، 28 ارب کے منصبوبے کو 58 ارب میں مکمل کر کے ٹھیکہ پر دے دینا دوہری کرپشن ہے۔ بے ضابطگیوں میں سابق اور موجودہ وزرائے اعظم، وزرائے پانی و بجلی ایک وزیر اعلیٰ اور درجنوں با اثر بیورو کریٹس ملوث ہیں۔ آڈیٹر جنرل پاکستان حکومتی دباؤ برداشت نہیں کر سکے گا، تحقیقات کمیشن سے کروائی جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں نندی پور اور سولر پارک منصوبے کی کرپشن پر ہیں۔ شفاف تحقیقات کے حوالے سے آڈیٹر جنرل پاکستان میں دم خم اور مطلوبہ صلاحیت نہیں ہے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان 500 ارب روپے کے گردشی قرضوں کی قواعد و ضوابط کے بر عکس ادائیگیوں کے مرحلہ پر بھی کچھ نہیں کر سکا تھا اور اس طرح لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ملنے والے 150 ارب اور سستی روٹی پراجیکٹ کا آڈٹ کرنے میں بھی ناکام رہا اس لئے آڈیٹر جنرل سے نندی پور پراجیکٹ کی شفاف تحقیقات کی توقع کرنا بے سود ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ نندی پور اور قائد اعظم سولر پارک سمیت موجودہ دور حکومت میں لگنے والے پاور منصوبوں کا شفاف آڈٹ ہونا چاہیے اور تحقیقات رپورٹس پبلک ہونی چاہیں۔ وزیر اعظم نے دو مشکوک منصوبوں کے افتتاح کر کے اہم سوالات کو جنم دیا ہے کہ وزیر اعظم کو موجودہ بریفنگ دی گئی تھی یہ منصبوے اس طرح کارکردگی کیوں نہ دکھا سکے؟ نندی پور پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا گیا کہ یہ 425 میگا واٹ کا منصوبہ ہے اور قائد اعظم سولر پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر 100 میگا واٹ کا اعلان کیا گیا مگر آج یہ دونوں منصوبے اعلان کردہ پیداواری صلاحیت سے محروم ہیں جبکہ نندی پور پاور پراجیکٹ کو ٹھیکہ پر دے دیا گیا، انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل پر قومی خزانے سے خطیر رقم لی گئی۔ نندی پور منصوبہ پر 58 ارب اور قائداعظم سولر منصوبہ پر 133 ملین ڈالر کی رقم خرچ ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے اسی لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خلاف انقلاب مارچ کیا اور دھرنا دیا تھا اور لوٹ مار کے اس نظام کے خلاف جدوجہد آج بھی جاری ہے، قوم کو نو کرپشن، نو ٹیرارزم کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top