پیپلز پارٹی احتجاجی ایجنڈے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کو شامل کرے۔ خرم نواز گنڈا پور

اپوزیشن جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر صرف سیاسی مقاصد کیلئے نہ کریں، شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے بھی ہوں

لاہور (20 ستمبر 2015) پیپلز پارٹی اپوزیشن بننے کے فیصلے میں سنجیدہ ہے تو پھر اپنے احتجاجی ایجنڈے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کو شامل کرے اور پنجاب پولیس کی گولیوں کا نشانہ بننے والے 14 شہدا اور 85 سے زائد زخمیوں کو انصاف دلوانے کیلئے اسمبلیوں میں نیا پارلیمانی کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بشارت جسپال، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، الطاف رندھاوا نے شرکت کی۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن لاہور میں ظلم ہوا اور شہدا کے لواحقین کو انصاف دلوانے کیلئے اور ظالم حکمرانوں کے خلا ف صدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ حکومتی ہدایات پر سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے بے گناہ شہریوں پر ظلم ہوتا رہے گا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کی دکھتی رگ ہے جیسے ہی کوئی اس رگ کو ہاتھ لگاتا ہے تو یہ قاتل تڑپ جاتے ہیں۔ ہماری اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر صرف اپنے سیاسی مقاصد کیلئے نہ کریں بلکہ عملاً شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے بھی ہوں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک سال کی خاموشی کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کیا اور شہدا کو انصاف دلوانے کی بات کی ان کے موقف سے ہمیں اور شہداء کے لواحقین کو خوشی ہوئی تاہم شہیدوں کی جماعت پیپلز پارٹی مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ شریف برادران کو ان کے اصل انجام سے دوچار کرنے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے زیادہ کوئی سنگین کیس نہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top