پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ظالم نظام کی قربانی ناگزیر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

منہاج القرآن کے زیراہتمام پاکستان سمیت درجنوں ممالک میں ہزاروں اجتماعی قربانیاں
10 لاکھ سے زائد مستحقین میں گوشت کی تقسیم، لاہور میں 15 سو جانور قربان کیے گئے
ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین کا لاہور میں مرکزی قربان گاہ کا دور ہ، مثالی انتظامات پر مبارکباد

لاہور (27 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ظالم اور قاتل نظام کی قربانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے امت مسلمہ میں پائے جانیوالے جوش و خروش کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ایثار اور قربانی کا یہ اسلامی جذبہ زندگی کے ہر شعبہ میں نظر آنا شروع ہو جائے تو کوئی بھی ظالم اقتدار کے نشے میں عام شہریوں کے آئینی اور بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ وہ گزشتہ روز عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام درجنوں ممالک میں ہزاروں اجتماعی قربانیوں اور لاکھوں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے حوالے سے مثالی انتظامات پر تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر کے عہدیداران، کارکنان اور سینکڑوں ولینٹیئرز کو مبارکباد دی۔

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے لاہور میں ’’پاڑویں تھے‘‘ گاؤں میں قائم مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا اور اعلیٰ انتظامات کرنے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور دیگر کارکنان کو مبارکبا دی۔

سید امجد علی شاہ نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام لاہور میں 15 سو سے زائد چھوٹے بڑے جانور قربان کیے گئے اور 25 ہزار سے زائد مستحقین تک حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت پہنچایا گیا اور قربان گاہ میں صفائی اور الائشوں کو ٹھکانے لگانے کے مثالی انتظامات کیے گئے۔ سید امجد علی شاہ نے بتایا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پاکستان، افریقہ، یورپی ممالک، انڈیا، بنگلہ دیش، صومالیہ، کینیاسمیت درجنوں ممالک میں 50 ہزار سے زائد جانور قربان کیے گئے اور 10 لاکھ کے لگ بھگ افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ عید کے تین ایام میں ’’پاڑویں تھے‘‘ کے مقام پر بھی خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، امجد علی شاہ، جی ایم ملک نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سینکڑوں مستحقین میں گوشت تقسیم کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے ایام اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے اور خوشیاں بانٹنے کے ایام ہیں ان مبارک ایام کی وجہ سے دین اسلام دنیا کے دیگر مذاہب سے ممتاز اور باوقار نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانی کے تصور کو عام کرنے کی ضرورت ہے اس سے کم آمدنی والے طبقات کو بھی سنت ابراہیمی کے فریضہ کی ادائیگی کا موقع اور سہولت ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ہی جگہ قصاب بھی میسر آتے ہیں اور صفائی کا خیال رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ لاہور میں اجتماعی قربانی کے انتظامات اور گوشت کی بروقت تقسیم میں تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے ایک ہزار کارکنوں نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے عید کے تین یوم اسلام اور انسانیت کیلئے خدمات انجام دینے والے کارکنان کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top